یوریا کھاد مہنگی، بلیک میں بوری 6 ہزار روپے تک فروخت
گندم کی بجائی کے سیزن میں سرکاری نرخوں پر عدم دستیابی، کاشتکار پریشان
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر) گندم کی بجائی کے اہم سیزن میں یوریا کھاد کی قیمتوں میں اضافے اور مبینہ مصنوعی قلت نے کاشتکاروں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے ۔ بلیک مارکیٹ میں یوریا کھاد کی فی بوری قیمت 6 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے ، جبکہ سرکاری نرخوں پر کھاد کی عدم دستیابی کے باعث کسان مہنگے داموں خریداری کرنے پر مجبور ہیں۔تفصیلات کے مطابق گندم کی کاشت کے دوران فصل کی بہتر نشوونما کے لیے یوریا کھاد کی طلب بڑھ جاتی ہے ، تاہم بعض ڈیلرز کی جانب سے مبینہ طور پر مقررہ نرخوں سے زائد قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں۔ یوریا کھاد کی مقررہ قیمت 4 ہزار 800 روپے ہونے کے باوجود بعض مقامات پر ایک بوری 6 ہزار روپے میں فروخت کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ ڈیزل، بجلی، بیج، زرعی ادویات اور زمین کی تیاری کے اخراجات پہلے ہی بڑھ چکے ہیں۔ ایسے میں مہنگی کھاد کی خریداری سے فی ایکڑ لاگت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے ، جس سے چھوٹے کسانوں کے لیے فصل کی بروقت دیکھ بھال مشکل ہو گئی ہے ۔کاشتکاروں نے وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی وزیر زراعت، ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو اور محکمہ زراعت کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کھاد کی دکانوں اور گوداموں کی چیکنگ کی جائے ، ذخیرہ اندوزی اور زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور سرکاری نرخوں پر کھاد کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بجائی کے سیزن میں کھاد کی قلت اور مہنگے داموں فروخت کا سلسلہ نہ روکا گیا تو گندم کی پیداوار بھی متاثر ہو سکتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments