فضائی آلودگی،وہاڑی میں ایئر کوالٹی انڈیکس 350 تک پہنچ گیا
فوری اقدامات اور دھواں چھوڑنے والے یونٹس کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ
وہاڑی (خبرنگار)شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہوگئی، ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 350 تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں، جو امریکی پیمانے کے مطابق انتہائی مضر صحت سطح ہے ۔ آلودگی میں اضافے سے خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کی صحت کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ شہری حلقوں نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔جماعت اسلامی کے رہنما سید جاوید حسین شاہ نے کہا کہ صاف ہوا شہریوں کا بنیادی حق ہے ۔ دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں، بھٹوں اور گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ، صفائی کا نظام بہتر بنایا جائے اور سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے ۔چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹری کے سینئر رہنما مختار احمد بھٹی نے صنعتی یونٹس اور بھٹوں کی مؤثر نگرانی اور ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا۔معروف قانون دان شیخ فضل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا کہ صاف ماحول میں زندگی گزارنا شہریوں کا بنیادی حق ہے ، اس لیے آلودگی پھیلانے والوں اور غفلت کے مرتکب اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔سماجی رہنما صبوحی حسن نے شجرکاری مہم مؤثر بنانے ، درختوں کی کٹائی روکنے اور عوام میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔تمام رہنماؤں نے محکمہ ماحولیات اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ آلودگی کے اسباب کی نشاندہی کرکے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments