آلودگی کے خاتمہ کیلئے شعور اجاگر کرنا ناگزیر،راشد اقبال
درختوں کی کٹائی، فضائی وآبی آلودگی انسانی حیات کیلئے سنگین خطرہ ،بیان
ملتان (لیڈی رپورٹر)ایوان تجارت و صنعت ملتان کے سابق صدر میاں راشد اقبال نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی، موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لئے عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنا ضروری ہے ۔ ماحولیات انسانی زندگی کی بقا کی بنیادی ضمانت ہے ، جبکہ صاف ہوا، شفاف پانی، سرسبز جنگلات اور متوازن ماحولیاتی نظام انسانی صحت، معاشی اور سماجی استحکام کے لئے ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی، غیر منصوبہ بند شہری توسیع، جنگلات کی کٹائی، فضائی و آبی آلودگی اور پلاسٹک کے بڑھتے استعمال نے ماحول کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے ۔ ایک صحت مند درخت سالانہ اوسطاً 20 سے 25 کلوگرام کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرکے ماحول کو صاف رکھنے اور آکسیجن فراہم کرنے میں مدد دیتا ہے ۔میاں راشد اقبال کے مطابق پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے ۔ شدید گرمی، تباہ کن سیلاب، خشک سالی، پانی کی قلت اور فضائی آلودگی سنگین مسائل بن چکے ہیں۔ پلاسٹک بیگز اور دیگر مصنوعات دریاؤں، نہروں اور سمندروں کو آلودہ کرنے کے ساتھ آبی حیات، زرعی زمینوں اور انسانی صحت کو بھی متاثر کر رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں پلاسٹک بیگز بنانے والی رجسٹرڈ فیکٹریوں کی تعداد 18 ہزار سے زائد ہے ۔، جبکہ اس صنعت سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے ۔ ملک میں جنگلات کا رقبہ صرف 4.8 فیصد ہے ، جبکہ سالانہ تقریباً 30 ملین ٹن ٹھوس کچرا پیدا ہوتا ہے ۔ فضائی آلودگی سے متعلق بیماریوں کے باعث سالانہ تقریباً 40 ہزار افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments