بجلی چوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن،لاکھوں کے واجبات وصول،ٹرانسفارمر ضبط
ستلج سب ڈویژن میں ساڑھے تین لاکھ روپے کے نادہندہ صارفین کے میٹر منقطع،19لاکھ روپے کی عدم ادائیگی پر 6ٹیوب ویل صارفین کے میٹر کاٹ دیئے گئے ،مقدمات درج
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو)بہاولپور سرکل میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف گرینڈ آپریشن، لاکھوں روپے کے واجبات کی وصولی، متعدد بجلی چوری کے کیسز پکڑے گئے ، نادہندگان کے ٹرانسفارمرز اور میٹرز منقطع، غفلت پر لائن مین معطل۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو بہاولپور سرکل ملک یعقوب احمد کی ہدایت پر بہاولپور سرکل کے زیر انتظام بجلی چوروں اور واجبات ادا نہ کرنے والے نادہندگان کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ایگزیکٹو انجینئر کی سربراہی اور ایس ڈی اوز نے میپکو ٹیموں اور میٹرنگ اینڈ ٹیسٹنگ عملے کے ہمراہ مختلف علاقوں میں گرینڈ آپریشن کیا، جس کے دوران بجلی چوری کے متعدد کیسز پکڑے گئے جبکہ بھاری واجبات کے نادہندگان کے خلاف بھی مؤثر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ستلج سب ڈویژن کی ٹیم نے ریکوری مہم کے دوران بیچ 10 کے 7 نادہندگان کے کنکشنز چیک کئے جن کے ذمے مجموعی طور پر 3 لاکھ70 ہزار روپے کے واجبات تھے ۔ چیکنگ کے دوران ان نادہندگان کے میٹرز کے ذریعے بجلی کی فراہمی جاری پائی گئی جس پر تمام سات میٹرز منقطع کر دئیے گئے ۔ریکوری کے مقررہ اہداف کے حصول میں غفلت اور نادہندگان کے میٹرز منقطع نہ کرنے پر لائن مین گریڈ فرسٹ ریاض احمد کوناقص کارکردگی کی بنیاد پر معطل کر دیا گیا۔ سیٹلائٹ ٹاؤن سب ڈویژن بہاولپور کی ٹیم نے ٹیوب ویل نادہندگان کے خلاف خصوصی آپریشن کیا جس کے دوران6 نادہندگان کے واجبات کی عدم ادائیگی پر ان کے ٹرانسفارمرز اتار لئے گئے ۔ان 6 ٹیوب ویل صارفین کے ذمے مجموعی طور پر19 لاکھ 11 ہزارروپے واجب الادا تھے جن کے ٹرانسفارمرز اتار کر بجلی کی فراہمی منقطع کر دی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments