پاکستان پوسٹ کے ذریعہ بجلی بلوں کی وصولی بند
ملتان ریجن میں یکم جنوری 2027ء سے ڈاک خانوں میں بجلی بل وصول نہیں کئے جائیں گے ،ڈاکخانوں کو مقررہ تاریخ سے قبل ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی صارفین اپنے بل مقررہ بینکوں، ایزی پیسہ، جاز کیش، موبائل بینکنگ ایپلی کیشنز، انٹرنیٹ بینکنگ اور دیگر مجاز ڈیجیٹل ادائیگی کے ذرائع کے ذریعے جمع کروا سکیں گے
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)انتظامیہ نے یکم جنوری2027ء سے پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے بجلی کے بلوں اور واجبات کی وصولی کا سلسلہ بند کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ اس فیصلے کے تحت 31 دسمبر 2026ء تک پاکستان پوسٹ آفس کے ذریعے ڈاکخانوں میں میپکو کے بجلی بل جمع کروائے جا سکیں گے جبکہ یکم جنوری 2027ء سے ڈاک خانوں میں میپکو کے بجلی بلوں کی وصولی مکمل طور پر بند ہو جائے گی۔میپکو انتظامیہ کی جانب سے اس فیصلے کے حوالے سے پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کو باضابطہ طور پر آگاہ کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ میپکو کے زیرانتظام جنوبی پنجاب کے تمام متعلقہ اضلاع میں قائم ڈاک خانوں کو مقررہ تاریخ سے قبل ضروری ہدایات جاری کی جا سکیں اور بلوں کی وصولی کا عمل بروقت بند کیا جا سکے ۔میپکو ترجمان نے بجلی صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ یکم جنوری2027ء سے اپنے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے لئے متبادل ذرائع استعمال کریں۔ صارفین اپنے بل مقررہ بینکوں، ایزی پیسہ، جاز کیش، موبائل بینکنگ ایپلی کیشنز، انٹرنیٹ بینکنگ اور دیگر مجاز ڈیجیٹل ادائیگی کے ذرائع کے ذریعے جمع کروا سکیں گے ۔یہ اقدام میپکو کے ریونیو وصولی کے نظام کو جدید ادائیگی کے ذرائع سے منسلک کرنے اور صارفین کو بلوں کی ادائیگی کے لئے متبادل سہولیات سے آگاہ کرنے کے سلسلے کی ایک اہم پیش رفت ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments