سائبر کرائم ایجنسی کا آپریشن ،گرفتاریاں،مقدمات

سائبر کرائم ایجنسی کا آپریشن ،گرفتاریاں،مقدمات

این سی سی آئی اے کے پاس اس وقت 3ہزار درخواستیں زیر التوا ہیں

ملتان (کرائم رپورٹر)ایڈیشنل ڈائریکٹر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے )حسن جہانگیر وٹو نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں سائبر کرائم کے خاتمے کے لئے کارروائیوں کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے ۔ 3 بڑے کیسز ٹریس کر لئے گئے ہیں جبکہ ان میں ملوث ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوائی جائیں گی ۔ شہریوں کو لوٹنے والے سائبر جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف جلد بڑی کارروائیاں کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے حسن جہانگیر وٹو نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک منظم گروہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی اپنی چھت اپنا گھر سکیم کی جعلی ویب سائٹ بنا کر سادہ لوح شہریوں سے کروڑوں روپے ہتھیا لئے اس جرم میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ اس فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف تحقیقات اور کارروائی کا عمل جاری ہے ۔ اسی طرح آن لائن جوئے کے نیٹ ورکس کے حوالے سے بھی بریفنگ لی جا رہی ہے ۔ اس سلسلے میں جلد بڑی کارروائی کرکے تفصیلات میڈیا کے سامنے لائی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ این سی سی آئی اے کے پاس اس وقت 3ہزار درخواستیں زیر التوا ہیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور بہت جلد ان پر پیش رفت سامنے آئے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...