ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہر آباد میں ادویات بحران برقرار
خوشاب(نمائندہ دُنیا )ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہر آباد میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی تبدیلی کے باوجود ادویات کا بحران ختم نہ ہو سکا ، ادویات کی عدم دستیابی کے باعث وہاں زیر علاج مریض اب بھی ادویات باہر سے خریدنے پر مجبور ہیں ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کو بازار سے ادویات خریدنے کیلئے چٹ دینے پر عائد پابندی کے باوجود ڈی ایچ کیو ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں سرجری کے دوران استعمال ہونیوا لے سامان کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو سامان بازار سے خریدنے کی چٹ تھما دی جاتی ہے ، جبکہ شوگر اور بلڈ پریشر کے مریضوں کو بھی اپنی سانس کی ڈوری برقرار رکھنے کیلئے تمام ادویات بازار سے ہی خریدنی پڑتی ہیں ، ضلع خوشاب کے سماجی اور عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے استدعا کی ہے کہ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہر آباد سمیت تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔