جوہرآباد میں واٹر مافیا بے لگام، شہری آلودہ پانی خریدنے پر مجبور
جوہرآباد میں واٹر مافیا بے لگام، شہری آلودہ پانی خریدنے پر مجبورفلٹریشن پلانٹ کے پانی کی آڑ میں شہریوں کو کھلے عام جراثیم آلود پانی فروخت۔۔۔۔
خوشاب (نمائندہ دنیا)ضلعی صدر مقام جوہرآباد میں گھروں تک پانی سپلائی کرنے والے واٹر مافیا کی من مانیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ فلٹریشن پلانٹ کے پانی کی آڑ میں شہریوں کو کھلے عام جراثیم آلود پانی فروخت کیا جا رہا ہے ، جبکہ کوئی پوچھنے والا نہیں۔عوامی حلقوں کے مطابق ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کا کردار صرف فلٹریشن پلانٹس کے معائنوں تک محدود ہے ۔ ہینڈ پمپوں اور کھالوں سے ٹینکیوں میں پانی بھر کر لوڈر رکشوں کے ذریعے گھروں تک فروخت کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ شہر میں واٹر سپلائی لائنوں کے ذریعے فراہم کیا جانے والا پانی بھی استعمال کے قابل نہیں، جس کے باعث شہری واٹر مافیا کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے ۔