گندم کی باقیات اور فصلوں کی پرالی جلانے کا سلسلہ جاری
گندم کی باقیات اور فصلوں کی پرالی جلانے کا سلسلہ جاری فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے
کندیاں (نمائندہ دنیا)کندیاں، چشمہ اور پپلاں کے نواحی علاقوں میں پنجاب حکومت کی واضح پابندی کے باوجود گندم کی باقیات اور فصلوں کی پرالی جلانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کے باعث فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے مختلف علاقوں میں کھیتوں کو آگ لگائے جانے سے دھوئیں کے بادل فضا میں پھیل گئے ہیں جس سے شہریوں کو سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن اور دیگر بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ شام کے اوقات میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے جب دھواں آبادی والے علاقوں کا رخ کر لیتا ہے ۔
بچوں، بزرگوں اور دمہ کے مریضوں کے لیے یہ آلودگی شدید خطرہ بن چکی ہے جبکہ سڑکوں پر دھوئیں کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے سے حادثات کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ماہرین ماحولیات کے مطابق فصلوں کی باقیات جلانے سے نہ صرف فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ زمین کی زرخیزی بھی متاثر ہوتی ہے ۔ آگ لگانے سے مفید جراثیم ختم ہو جاتے ہیں اور ماحول میں زہریلی گیسیں شامل ہو کر انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتی ہیں ۔