جیمز اینڈ جیولری سنٹر کی بحالی اولین ترجیح ، توفیق احمد آرائیں
جیمز اینڈ جیولری سنٹر کی بحالی اولین ترجیح ، توفیق احمد آرائیں سرگودھا سونے کی صنعت کی دوسری بڑی منڈی،روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی (PGJDC) وزارتِ صنعت و پیداوار کے چیف ایگزیکٹو توفیق احمد آرائیں نے کہا ہے کہ جیمز اینڈ جیولری سرگودھا سنٹر کی بحالی اولین ترجیح ہے ، اس سنٹر سے ہزاروں نوجوانوں نے ہنر سیکھ کر اپنے گھروں کا سہارا بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جہاں جہاں جیمز اینڈ جیولری سنٹرز بند ہیں، ان کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ سرگودھا کے موقع پر سرگودھا چیمبر آف سمال ٹریڈ اینڈ سمال انڈسٹریز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیمبر کے صدر محمد حسن یوسف، صدر انجمن صرافہ بازار سرگودھا آصف شہزاد چشتی، جنرل سیکرٹری عبدالسلام، نائب صدر محمد امجد رمضان، محمد اسلم، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عبدالستار انجم، ڈاکٹر امتیاز ڈوگر، چوہدری سکندر علی اور ایگزیکٹو ممبران بھی موجود تھے ۔توفیق احمد آرائیں نے کہا کہ سرگودھا جیمز اینڈ جیولری سنٹر کی بحالی کیلئے سرکاری وسائل اور موجود سامان کو بروئے کار لایا جائے گا تاکہ اس اہم ادارے کو دوبارہ فعال بنایا جا سکے ۔سرگودھا چیمبر آف سمال ٹریڈ اینڈ سمال انڈسٹریز کے صدر محمد حسن یوسف نے کہا کہ سنٹر کی بحالی کے ساتھ اسے جدید کمپیوٹرز، سافٹ ویئرز اور جدید آلات سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرگودھا سونے کی صنعت کی پاکستان میں دوسری بڑی منڈی ہے ، اس صنعت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور جدید طرز کے زیورات سازی کے شعبے کو ترقی ملے گی۔