حلقہ بندیوں پر اعتراضات ،آج خوشاب کی اپیلوں پر سماعت
حلقہ بندیوں پر اعتراضات ،آج خوشاب کی اپیلوں پر سماعت سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع سے 152 اعتراضات موصول
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حلقہ بندیوں پر دائر اعتراضات کی سماعت کا سلسلہ ریجنل الیکشن کمیشن سرگودھا ڈویژن میں جاری ہے ۔ ضلع سرگودھا سے دائر اعتراضات کی سماعت مکمل ہونے کے بعد آج سے ضلع خوشاب کی اپیلوں پر سماعت کا آغاز کر دیا گیا۔ریجنل الیکشن کمیشن سرگودھا ڈویژن و حلقہ بندی اتھارٹی ابرار احمد جتوئی روزانہ کی بنیاد پر حلقہ بندیوں سے متعلق دائر اعتراضات کی سماعت کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع سے مجموعی طور پر 152 اعتراضات موصول ہوئے ہیں، جن میں ضلع سرگودھا سے 83، ضلع خوشاب سے 37، ضلع میانوالی سے 6 جبکہ ضلع بھکر سے 26 اپیلیں شامل ہیں۔گزشتہ روز ضلع سرگودھا سے دائر 83 اپیلوں میں سے 82 کی سماعت مکمل کر لی گئی، جبکہ ایک کیس کی آئندہ سماعت 22 جولائی کو مقرر کی گئی ہے ۔آج سے ضلع خوشاب کی 37 اپیلوں پر سماعت کا آغاز ہو گیا ہے ، جو 10 سے 14 جولائی تک جاری رہے گی۔ اس کے بعد ضلع میانوالی اور ضلع بھکر سے دائر اعتراضات کی سماعت مقررہ شیڈول کے مطابق کی جائے گی۔