سرگودھا میں شدید گرمی اور حبس معمولاتِ زندگی متاثر
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) ہفتہ کے روز سرگودھا اور گردونواح میں شدید گرمی اور حبس کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ۔
دوپہر کے اوقات میں چلنے والی گرم ہواؤں اور ہوا میں نمی کے تناسب میں اضافے نے موسم کو مزید بوجھل بنا دیا، جبکہ سورج کی تیز تپش کے باعث سڑکیں اور بازار سنسان دکھائی دیے ۔شدید گرمی کے باعث شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں، خواتین، محنت کشوں اور دیہاڑی دار مزدوروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بازاروں، تجارتی مراکز اور کھلے مقامات پر لوگوں کی آمدورفت معمول سے کم رہی، جبکہ بیشتر شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کرتے رہے ۔ پارکس، کھیل کے میدان اور دیگر تفریحی مقامات بھی دن بھر ویران رہے ۔ادھر شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب میں غیر معمولی اضافے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی بار بار ٹرپنگ اور مختصر دورانیے کی بندش کا سلسلہ بھی جاری رہا، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔ کئی علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث گھریلو اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں، جبکہ پانی کی فراہمی میں بھی تعطل کی شکایات سامنے آئیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بھی خطے میں شدید گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے ، جبکہ فوری طور پر بارش کے امکانات کم ہیں۔شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور شدید گرمی کے پیش نظر ہسپتالوں سمیت دیگر عوامی مقامات پر ضروری انتظامات کیے جائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments