پھلروان روڈ اور چوک دروازہ چکوالا میں تجاوزات کی بھرمار
پھلروان روڈ اور چوک دروازہ چکوالا میں تجاوزات کی بھرمار آئے روز ہونے والے تنازعات کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعے کا سبب بن سکتے
بھیرہ(نامہ نگار)پھلروان روڈ اور چوک دروازہ چکوالا میں ناجائز تجاوزات کی بھرمار نے صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے ، سڑکوں اور بازاروں میں ریڑھیوں اور دیگر تجاوزات کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ معمولی باتوں پر جھگڑوں کے واقعات بھی سامنے آنے لگے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ریڑھیاں کھڑی کرنے کی جگہ پر آئے روز ہونے والے تنازعات کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعے کا سبب بن سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق ہلال احمر ہسپتال کے بالمقابل ریڑھی کھڑی کرنے کے معاملے پر ہونے والے جھگڑے کے دوران نامعلوم افراد نے اختر نامی ریڑھی بان کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا دکانداروں نے مداخلت کرکے اسے مبینہ ملزمان کے چنگل سے چھڑایا، تاہم ملزمان اختر کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے چلے گئے ۔
واقعے پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پھلروان روڈ، چوک دروازہ چکوالا اور دیگر مصروف مقامات پر ناجائز تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ، ریڑھی بانوں کے لیے مناسب جگہ مختص کی جائے اور سڑکوں و بازاروں میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ تاکہ تجاوزات کے باعث پیدا ہونے والے تنازعات اور کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کا سدباب ہو سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments