لاہور (دنیا نیوز ) لاہور میں پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس انڈر پاس میں کنٹینر پھنسنے سے کینال روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہو گئی ۔ اور مستقبل کے افسر بننے کی خواہش رکھنے والے متعد نوجوانوں کی راہ میں یہ کنٹینر آڑے آگیا ۔ یہ ہیں وہ نوجوان جو گھر سے صبح نکلے تو اس جذبے کے ساتھ تھے کہ سی ایس ایس کے تحریری امتحان میں شریک ہو کر افسر بننے کا اپنا خواب پورا کریں گے لیکن کیپمس انڈر پاس میں پھنسے کنٹینر کے باعث ہونے والی تاخیر نے انہیں کمرہ امتحان سے دور رکھا ۔ ٹھوکر کی طرف سے آتے ہوئے کینال روڈ پر نیو کیمپس انڈر پاس پر صبح سویرے اس کنٹینر کے ڈرائیور کی جلد بازی ہزاروں لوگوں کے کئی گھنٹے ضائع کر گئی ۔ کینال روڈ پر دور دور تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور عوام بے بسی کی تصویر بنے رہے ۔ بچوں کے ڈائیپرز ، ٹائرز اور دیگر سامان سے لدے کنٹینر کو نکالنے کے لئے ہر کسی نے اپنے طور پر کوشش کی اور چھ گھنٹے کی جد و جہد بعد کنٹینر ہٹانے میں کامیابی ہو سکی جس سے ٹریفک میں پھنسے لوگوں کی مشکل بھی آسان ہوئی ۔