ایران پر حملہ جنگ کا آغاز ہوگا، جنگ صرف میدان تک محدود نہیں رہے گی: علی شمخانی
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کے مشیر علی شمخانی نے کہا ہے کہ ایران پر حملے کی صورت میں جنگ صرف میدان تک محدود نہیں رہے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر علی شمخانی نے کہا کہ ایران پر حملے کو جنگ کا آغاز تصور کیا جائے گا، ایرانی میزائل صلاحیتوں پر کوئی بات چیت نہیں کی جاسکتی۔
انہوں نے کہا کہ امریکا فوجی طاقت کی نمائش کے بجائے سنجیدگی دکھائے، مذاکرات کے ساتھ دھمکیاں دینا امریکی فطرت ہے۔
علی شمخانی کا مزید کہنا تھا کہ ہم بارہا کہہ چکے ہیں کہ محدود فوجی حملہ بھی جنگ کا آغاز ہوگا، جنگ صرف میدان تک محدود نہیں رہے گی۔