Published on:21 April, 2019

شاداب خان بیمار، یاسر شاہ کو ورلڈ کپ کیلئے گرین سگنل مل گیا

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کو ورلڈکپ سے پہلے بڑا جھٹکا، میڈیکل ٹیسٹ میں ہیپاٹائٹس کی نشاندہی پر شاداب خان دورہ انگلینڈ سے آؤٹ ہو گئے. ان کی جگہ یاسر شاہ کو ورلڈ کپ کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے. چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ شاداب خان ٹیم کا اہم حصہ ہیں، ڈاکٹرز نے چار ہفتے کا آرام بتایا ہے.

کرکٹ شائقین کیلئے بری خبر، سپنر شاداب خان ہیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا ہو گئے۔ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں فٹنس ٹیسٹ کے دوران میڈیکل ٹیسٹ بھی کئے جاتے ہیں جس کے دوران شاداب خان کو ہیپاٹائٹس میں مبتلا ہونے کا پتہ چلا ہے تاہم حکام حتمی فیصلے سے قبل ان کے مزید ٹیسٹ کروانا چاہتے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ورلڈ کپ سکواڈ کیلئے شاداب خان کی شرکت بہت اہم ہے تاہم اگر حتمی فیصلہ ان کی عدم شرکت ہوئی تو متبادل سپنر کا انتخاب کر لیا جائے گا۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ کی تیاریاں جاری ہیں، شاداب خان انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے، ان کے بلڈ ٹیسٹ میں وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔ڈاکٹروں نے انھیں 4 ہفتے کا آرام تجویز دیا ہے وہ اہم باولر ہیں امید ہے ورلڈ کپ کیلئے دستیاب ہوں گے۔

دوسری جانب شاداب کی ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک ہونے پر یاسر شاہ کی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے، ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے سپنر یاسر شاہ کو ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے اور انھیں اس حوالے سے تیاریاں مکمل کرنے کا حکم مل گیا ہے۔
  

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں