ہالی ووڈ اداکاروں کاسانحہ کرائسٹ چرچ کے شہداء سے اظہار یکجہتی
واقعہ نے دل توڑدیا،پوری دنیا مسلمانوں کے ساتھ ہے :آرنلڈشوازنیگر،کیلی جینر
نیو یارک (شوبز ڈیسک) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں سفید فام عیسائی دہشت گرد کی جانب سے نماز جمعہ کے دوران فائرنگ کرکے 50 بے گناہ و معصوم مسلمانوں کو شہید کرنے کے واقعہ پرہالی ووڈ فنکاروں نے بھی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔امریکی گلوکارہ ہیلسے نے دنیا بھر میں موجود مسلمانوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ میں سوچ نہیں سکتی کہ کیسے کوئی انسان عبادت کی جگہ پر ایسا کرسکتاہے ، اسلام فوبیا کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، یہ بہت خوفناک ہے ۔ نامور امریکی ماڈل کیلی جینر کاکہناہے کہ اس واقعہ نے میرا دل توڑ دیا۔ اداکار جون لیجنڈ کا کہنا ہے کہ سفید فاموں کی برتری کی دہشت گردانہ تحریک تباہ کن ہے ۔ لیجنڈ اداکار آرنلڈ شواز نیگر نے کہا میرا دل متاثرین ، اہل خانہ اور نیوزی لینڈ کی عوام کے ساتھ ہے ، یہ دہشت گردی کی خوفناک اور بدترین کارروائی تھی تاہم میں اور پوری دنیا مسلمانو ں کے ساتھ کھڑی ہے۔