وزیر اعظم بہادر بنیں , دہشتگردی کے خلاف آپریشن سمیت پر فیصلے کی حمایت کرینگے : خورشید شاہ

وزیر اعظم بہادر بنیں , دہشتگردی کے خلاف آپریشن سمیت پر فیصلے کی حمایت کرینگے : خورشید شاہ

ریاست دن بدن کمزور ہورہی ہے ، اب عوام کے تاثرات سن کر شرم آتی ہے ، گفتگو، ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ریاست دن بدن کمزور ہورہی ہے اب وزیراعظم میاں نواز شریف کو دہشت گردی کے حل کیلئے فیصلہ کرنا چاہئے ’ اگر حکومت نے فوجی آپریشن کا فیصلہ کیا تو پیپلزپارٹی آپریشن سمیت حکومت کے ہر فیصلے کی حمایت کرے گی۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلزپارٹی کے سینئر راہنماء سید خورشید شاہ نے راولپنڈی دھماکے میں زخمی جوانوں کی سی ایم ایچ میں عیادت کی اور بعدازاں انہوں نے سی ایم ایچ ہسپتال کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی تو اس موقع پر زخمیوں نے جو تاثرات اور جذبات بیان کئے اس سے ایک سیاستدان ہونے کے ناطے میرا سر شرم سے جھک گیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ زخمی جوانوں نے کہا کہ اب ہمیں حکمرانوں کی ضرورت نہیں بلکہ بہادر اور نڈر لیڈر کی ضرورت ہے جو ہمیں اس دلدل سے نکال سکے ۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اب وزیراعظم کو ایک بہادر لیڈر ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے فیصلہ کرنا ہے اور وزیراعظم کا جو بھی فیصلہ ہوگا پیپلزپارٹی کو فوجی آپریشن سمیت تمام فیصلے منظور ہوں گے اور اس پر پیپلزپارٹی حکومت کی مکمل حمایت کرے گی کیونکہ اب عوام کے تاثرات سن کر شرم آتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں