وزیر اعظم کا احتساب جمہوری نظام کو مزید مستحکم کریگا،فافن
تفتیشی ادارے سیاستدانوں ، فوجی و عدالتی افسروں کی بدعنوانی کے طریقے پکڑنے میں ناکام
اسلام آباد (وقا ئع نگار) فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے سپریم کورٹ کی طرف سے وزیراعظم کے احتساب کو جمہوری نظام کے مزید استحکام کا عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست اور سیاست کو بد عنوانی سے پاک کرنے کیلئے بلا امتیاز احتساب کیا جائے اور موجودہ احتسابی عمل اب رکنے نہ پائے ۔ جمعرات کو فافن کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں سیاسی جماعتوں کی قیادت پر بھی زور دیا گیا کہ وہ عوام کو یقین دہانی کرائیں کہ اپنی اپنی سیاسی جماعتوں کو بدعنوان عناصر سے پاک کریں گی۔ فافن نے یہ بھی کہا ہے کہ پاناما پیپرز اور اس کے بعد آنیوالی رپورٹ جس میں وزیراعظم اور ان کے خاندان پر مالی بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آئے ہیں سے پیدا صورتحال کا تقاضا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام اورملک کو کسی بھی نوعیت کے سیاسی بحران سے بچانے کیلئے جوش کے بجائے ہوش سے کام لیتے ہوئے سیاسی بالغ نظری کا مظاہرہ کیا جائے ۔ فافن کے مطابق ملک کا موجودہ بحران حکومت کے انسداد بدعنوانی کے اداروں، تفتیشی ایجنسیوں اور احتساب بیوروز کی شدید ناکامی کا بھی عکاس ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ تمام ادارے سیاستدانوں ،کاروباری طبقات اور فوجی و عدالتی افسروں کی طرف سے بدعنوانی کے جدید ترین طریقوں کے استعمال کو پکڑنے میں ناکام رہے ہیں ، کمزور قوانین اور ان کے کمزور ترین نفاذ کے باعث معلوم ذرائع آمدن سے بالا طرز زندگی نے فروغ پایا۔ فافن کے مطابق پاناما کے بحران نے پارلیمان کوایک بار پھر اس کمزور قانونی ڈھانچے کو مضبوط کرنیکا موقع فراہم کیا ہے ، سیاسی جماعتوں کی طرف سے پاناما لیکس کا صرف سیاسی فوائد کیلئے استعمال کافی نہیں ، انہیں آزاد اور مضبوط اداروں کی تشکیل کیلئے احتساب قوانین میں ترامیم کے مطالبات بھی اٹھانے چاہئیں ۔