ضمنی الیکشن نے بجلی نہ گرنے دی?
وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) نے سیاسی مصلحت پر ایک بار پھر بجلی کی قیمتوں میں مجوزہ اضافہ موخر کردیا
(آفتاب میکن) ، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضا فے کی منظوری اور نوٹیفکیشن ضمنی الیکشن تک جاری نہیں کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق اجلاس میں تین اور ایجنڈا آئٹمز شامل کرکے بجلی کی قیمتوں میں اضا فے کی سمری پر غورہی نہیں کیا گیا۔ پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں نے وزیرا عظم کو بجلی ، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجوزہ اضافہ نہ کرنے کی تجویز دی تھی ،پی ٹی آئی کے لاہور سے امید وارہمایوں اختر نے وزیرا عظم پر واضح کیا کہ اگر حکومت نے بجلی ، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تو ضمنی انتخابات میں انہیں کافی مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے جس پر پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے امید واروں کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسد عمر کو زبانی احکامات د ئیے کہ وہ بجلی کی قیمتوں میں اضا فے کی سمری کو موخر کردیں ،اوگرا کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایاکہ ای سی سی نے گیس کی قیمتوں میں143فیصد اضافہ کی منظوری دی ہے لیکن اتھارٹی کو کابینہ کے فیصلہ کی کاپی وصول نہیں ہوئی اس کے بغیر گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جاسکتا ۔