27 فروری : مارچ کی تیاریاں : بس بہت ہوگیا، عوام اسلام آباد کیلئے نکلیں گے : بلاول

27 فروری : مارچ کی تیاریاں : بس بہت ہوگیا، عوام اسلام آباد کیلئے نکلیں گے : بلاول

کراچی (سٹاف رپورٹر )پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ بس اب بہت ہوگیا عوام 27فروری کو اسلام آباد کے لئے نکلیں گے اور عمران خان سے مہنگائی کا حساب لیں گے ۔

 پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اتوار کے روز بھی مصروف دن گزارا۔ زرداری ہا ؤ س اسلام آباد میں ان سے پارٹی کی اہم شخصیات نے ملاقاتیں کرکے 27فروری کو ہونے والے لانگ مارچ کے حوالے سے تیاریوں سے آگاہ کیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی سے جن شخصیات نے ملاقاتیں کیں ان میں سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن انور سیف اللہ خان، پیپلزپارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عاصمہ ارباب عالمگیر، پارٹی کے سینئر رہنما سید ظاہر شاہ ،پیپلزپارٹی ضلع دیامر سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں حاجی دلبر خان، انجینئر نوید اقبال، نظام دین، سید امام مالک شاہ اور شیر اللہ شامل ہیں۔

وفود سے گفتگوکرتے ہوئے چیئرمین پی پی نے کہا کہٓ بجلی کی قیمتوں میں چار روپے اضافے کے ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی تین روپے سے زیادہ اضافہ کیا گیا جو عوام کا معاشی قتل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ عوام کو مہنگائی اور معاشی بحران سے نجات دلانے کے لئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کے بعد پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیب پر ڈاکاہے ۔والئی ریاست مدینہ کو خبر ہو کہ بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات عوام پر پڑیں گے ۔ انہوں نے عوام کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ۔ پاکستان کے فیصلے بیرون ملک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو 27 فروری سے بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں