ہتک عزت بل پر مشاورت کے بغیر دستخط نہیں کرونگا:گورنر پنجاب

ہتک عزت بل پر مشاورت کے بغیر دستخط نہیں کرونگا:گورنر پنجاب

لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر نے ہتک عزت بِل پر تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا اعلان کردیا۔ گورنرپنجاب سے گزشتہ روز صحافتی تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں نے ملاقات کی ،جس میں پی بی اے ، اے پی این ایس، سی پی این ایم ،پی ایف یو جے اور ایمنڈ کے نمائندے موجود تھے ۔

صحافتی نمائندوں نے گورنرپنجاب کو ہتک عزت بل پر تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہتک عزت بل آزادی اظہار کا گلا دبانے کی کوشش ہے ۔گورنر پنجاب نے صحافیوں کے تحفظات سنتے ہوئے کہا کہ ہتک عزت بل پر مشاورت کے بغیر دستخط نہیں کروں گا، متنازعہ شقوں پر سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا ،تمام سٹیک ہولڈرز کو گورنر ہاؤس مدعو کروں گا ،بل پر پہلے بھی مشاورت ہونی چاہئے تھی۔گورنرسے ملاقات کرنیوالے وفد میں نوید کاشف،ارشاد عارف ، ارشد انصاری ، کاظم خان، محمد عثمان ، طارق محمود،امتنان شاہد اور محمد عثمان شامل تھے ۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی وسطی پنجاب حسن مرتضیٰ، انفارمیشن سیکرٹری شہزاد سعید چیمہ ، سابق ایم پی اے مخدوم مرتضیٰ محمود بھی موجود تھے ۔ حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پیپلز پارٹی میڈیا کے ساتھ کھڑی ہے ،پیپلز پارٹی اس حالت میں موجودہ بل کو سپورٹ نہیں کرتی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں