جمہوریت کیلئے الیکشن کو یرغمال بننے سے روکنا ہوگا:حافظ نعیم

جمہوریت کیلئے الیکشن کو یرغمال بننے سے روکنا ہوگا:حافظ نعیم

لاہور ( کورٹ رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں موجود لوگوں کا جمہوریت اور آئین سے کوئی تعلق نہیں۔

لاہور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھاکہ جمہوریت کو فروغ دینے کیلئے الیکشن کے پراسیس کو یرغمال بننے سے روکنا ہوگا، جاگیردار، وڈیرے اور سرمایہ دارنظام کو طاقت سے یرغمال بنالیتے ہیں۔ ملک میں سیاسی جماعتوں میں جمہوریت نہیں، کوئی وراثت پر چل رہی ہے تو کوئی وصیت پر چل رہی ہے ، جمہوریت صرف جماعت اسلامی اور وکلا میں ہے جہاں الیکشن ہوتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مقاصد اور نظرئیے کی تکمیل کی تحریک کسی صورت پیچھے نہیں جانی چاہئے ، پاکستان اپنی اصل اور حقیقی منزل پر پہنچے گا، اس کیلئے عدل اور انصاف کی بالادستی کا نظام قائم کرنا ہوگا، عدل کے نظام میں صرف اسلام نہیں اقلیتوں کی بھی فلاح ہے ۔انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف امریکی جنگ میں شرکت سے ہمارے حالات خراب ہوئے ،بھارت کو ساتھ ملانے کی باتیں ہوتی ہیں اور جو دوست تھے انہیں دشمن بنا لیا،امریکی جنگ کی وجہ سے پاکستان کو ڈیڑھ سو ارب ڈالرز کا نقصان ہوا ،پاکستان میں ایک لاکھ تک شہادتیں ہوئیں، معیشت اور معاشرت تباہ ہوئی ،قوم ا ورفوج کے حق میں بہتر ہے کہ کوئی آپریشن نہ ہو ،میاں برادران کے پیٹ میں ویسے ہی بھارت سے تجارت کا مروڑ اٹھتا ہے ،نواز شریف نے تو تقسیم کو ہی غلط کہہ دیا تھا۔ملک پر جنرلوں اور اشرافیہ نے حکومت کی ہے ،عام آدمی نے پاکستان میں حکومت نہیں کی ،ہم سب کو مل کر اس نظام کو بدلنا ہوگا ،پاکستان میں جمہوریت کیلئے جدو جہد کرنا ہوگی ،فارم 45 والوں کو ان کا حق دو ،سیاسی معاشی استحکام فوجی آپریشن سے نہیں آئے گا ۔نعیم الرحمن کا کہناتھاکہ ہم فلسطین اور کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں،پاکستان ایران اور چین مل کر اکٹھے چلیں توبہت سے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں