افواج کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنیکے مترادف:آرمی چیف

افواج کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنیکے مترادف:آرمی چیف

راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ افواج کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے ،نااتفاقی اور انتشار ملک کو اندر سے کھوکھلا کر کے بیرونی جارحیت کی راہ ہموار کر تے ہیں، ریاستی اداروں اور عوام میں خلیج پیدا کرنیوالے مزید رسوا ہونگے ۔

آرمی چیف پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں یوم آزادی پریڈ سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر کیڈٹس نے مخصوص انداز میں ڈرل پریڈ کی مہارت کا مظاہرہ کیا، مادر وطن کے شہدا کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا گیا،تقریب کے آغاز پربانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تقریرسنائی گئی،آرمی چیف جنرل عاصم منیرکوجنرل سلیوٹ پیش کیا گیا۔آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا یوم آزادی پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد،اللہ ہمیں مملکت خداداد کا دفاع کرنے اور اس مسلمہ حقیقت کو آنے والی نسلوں کے لیے کامیاب اور عظیم مثال بنانے کی ہمت اور طاقت عطا فرمائے ، ہمارے قومی شعور کی بنیاد نظریہ پاکستان ہے جو دو قومی نظریہ پر مبنی ہے جس نے برِصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ شناخت، ثقافت اور تہذیب کا موقع فراہم کیا،یہ ملک نا صرف قائم رہنے ، بلکہ دنیائے عالم میں نمایاں مقام حاصل کرنے کے لئے معرضِ وجود میں آیا، اِسی مناسبت سے قائد اعظم ؒکے تاریخی الفاظ انتہائی اہم ہیں کہآئیے اب ہم سب ملکر اپنی قوم کو بنائیں اور اسکی تعمیر نو کریں۔پاکستان کے قائدین اور کارکنان کے ساتھ ساتھ شہدا، غازیوں اور لواحقین کو خراج عقیدت اور سلام پیش کرتے ہیں، آج ان آزاد فضاؤں میں زندگی بسر کرنا شہدا کی عظیم قربانیوں کی مرہونِ منت ہے ، تاریخی طور پر ہم من حیثُ القوم ہمیشہ ہر مشکل کے بعد اور بھی زیادہ مضبوط بن کر ابھرے ، جس میں قوم اور افواج کا باہمی اعتماد کلیدی ہے ، نا اتفاقی اور انتشار ملک کو اندر سے کھوکھلا کرکے بیرونی جارحیت کے لیے راہ ہموار کر دیتے ہیں، قوم کا پاک فوج پر غیر متزلزل اعتماد ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہے ، کوئی منفی قوت، اعتماد اور محبت کے اس رشتے کو نہ کبھی کمزور کر سکی ہے ، نہ ہی آئندہ کر سکے گی، افواج پاکستان نے ملک کے اندرونی اور بیرونی دفاع کی قسم کھا رکھی ہے۔

ہم کسی بھی صورت اور قیمت پر اپنی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ، انشا اللہ،پاکستان کا مقام ہر دور میں نا صرف خطے اور مسلم امہ میں، بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، بے پناہ قُدرتی وسائل، جفاکش عوام اور حوصلہ مند نوجوانوں کی بدولت بلاشبہ پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے ، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور لازوال قربانیاں دی ہیں، مستقبل میں بھی افواج پاکستان کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا مُصِمّم اور غیر متزلزل ارادہ رکھتی ہیں، عزم استحکام قومی عزم کا استعارہ، سلامتی کی ضامن اور وقت کا اہم تقاضہ ہے ، خیبر پختونخوا صوبے میں بالخصوص، فتنہ الخواراج کی ریاست اور شریعت مخالف کارروائیوں سے دہشتگردی کے فتنہ نے دوبارہ سر اٹھایا ہے ، اِسی فتنہ بارے کہا تھا کہ اگر تم شریعتِ اسلام کو نہیں مانتے ، آئین پاکستان کو نہیں مانتے تو ہم بھی تمھیں پاکستانی نہیں مانتے ہمارے پختون بھائیوں نے جرات، ایثار اور قربانیوں کی جو لا زوال داستان رقم کی ہے ، اِس پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے ، صوبہ بلوچستان بہادر اور حب الوطن لوگوں کا مسکن ہے ، پاک فوج، حکومتِ پاکستان اور بلوچستان کے تعاون سے بلوچستان اور اِسکی غیور عوام کی سالمیت اور فلاح و بہبود کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی، افغانستان ہمارا برادر ہمسایہ اسلامی ملک ہے ، ہم اسکے ساتھ بہت اچھے تعلقات رکھنے کے خواہاں ہیں، اِن کے لیے ہمارا پیغام ہے کہ فتنہ الخوارج کو اپنے دیرینہ، خیر خواہ اور برادر ہمسائے ملک پر ترجیح نہ دیں، پاکستان میں آزادء اظہارِ رائے کی آئین ضرور اجازت دیتا ہے ، مگر آئین نے اسکی واضح حد بندی بھی کر رکھی ہے ، آزادی رائے پر آرمی چیف نے علامہ اقبالؒ کے اِشعار کا حوالہ دیا: آزادی افکار سے ہے انکی تباہی۔۔رکھتے نہیں جو فکر و تدبُّر کا سلیقہ۔۔ہو فکر اگر خام تو آزادی افکار۔۔انسان کو حیوان بنانے کا طریقہہم چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور ترکیہ کے شکر گزار ہیں جو ہمیشہ پاکستان کے ساتھ ہر مشکل وقت میں ساتھ دیتے ہیں۔

ہم اپنے دشمنوں کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ چاہے روایتی یا غیر روایتی جنگ ہو،ڈائنامک یا پرو ایکٹو جنگی حکمتِ عملی ہو، ہمارا جواب تیز اور دردناک ہوگا اور ہم یقیناً گہرا اور دور رس جواب دیں گے ،آزادی قیمت چکائے بغیر نہیں ملتی، اِسکے لئے بہت سے بیٹوں اور بیٹیوں کی قربانی دینی پڑتی ہے جس کیلئے ہم ہمیشہ تیار ہیں، آج آزادی کا جشن مناتے ہُوئے ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہونے والی انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں کو نہیں بھولنا چاہئے جو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط سے آزادری کے لیے کوشاں ہیں، ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور ہر طرح کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی تعاون کا بھرپور یقین دلاتے ہیں۔آج کا دن ہمیں اسرائیل کی طرف سے غزہ کے بے بس مسلمانوں کے خلاف جاری خوفناک نسل کشی، نسلی قتلِ عام اور بِلا تفریق مظالم کی طرف بھی توجہ دلاتا ہے ، غزہ میں اسرائیل کی انٹرنیشنل اور انسانی قوانین کی واضح خلاف ورزی یقیناًدنیا کے ضمیر اور رولز بیسڈ انٹرنیشنل آرڈر پر داغ ہے ، حکومت پاکستان کا مسئلہ فلسطین کے پر امن حل کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھانا اور انسانی بنیادوں پر امداد دینے کی کاوشیں قابل ستائش ہیں،ہمارے آباؤ و اجداد نے یہ ملک قائم کر کے جو امید کی شمع جلائی، ہم اُسے کبھی بجھنے نہیں دیں گے ،آرمی چیف نے سورہ یوسف کی آیت کا حوالہ دیتے آیت اور اسکا ترجمہ پڑھا کہ اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہونا، اللہ کی رحمت سے صرف کافر مایوس ہوتے ہیں، آخر میں کیڈٹس کو سراہتے ہُوئے آرمی چیف نے کہا، ملک کے 65 فیصد نوجوانوں کی طرح ، آپ تمام کیڈٹس کے روشن چہرے اور آنکھوں کی چمک، مجھے اس عظیم قوم کے درخشاں مستقبل کی نوید دیتی ہے ،پاکستان اللہ کا انعام ہے ، جو انشا اللہ تا ابد قائم رہنے کیلئے بنا ہے اور اسکے خیر خواہ ہمیشہ زندہ و جاوید رہیں گے ، بہترین ٹرن آؤٹ اور وطن عظیم کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرنے پر پاکستان ملٹری اکیڈمی اور اسکے جری کیڈٹس کو سراہتا ہوں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں