کارگو کا 50 فیصد گوادر بندرگاہ سے لایا جائے، شہباز شریف

 کارگو کا 50 فیصد گوادر بندرگاہ سے لایا جائے، شہباز شریف

اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی)وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت چینی سرمایہ کاری سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس دوران شہبازشریف نے ہدایت دیتے ہوئے کہا بحری راستے سے پبلک سیکٹر کے تمام کارگو کا 50 فیصد گوادر بندرگاہ سے لایا جائے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا ملکی برآمدات بڑھانے اور نان ٹریڈ بیریئرز کو ختم کرنے کے لیے چینی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی،پاکستانی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے چین میں سیکٹورل روڈ شوز منعقد کروائے جائیں گے ، چین سے ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور اپ گریڈیشن کے لیے خدمات حاصل کی جائیں گی۔بریفنگ میں شہبازشریف کو بتایا گیا پاکستانی طلبا اور سکالرز کو چین میں زراعت کے شعبے میں تربیت دی جائے گی، اب تک 572 طلبہ اور ریسرچ سکالرزکی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔وزیراعظم نے احسن اقبال کی زیر صدارت کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی ، کمیٹی چین میں تربیت کے لیے طلبہ اورسکالرزکاشفاف انتخاب یقینی بنائے گی۔دریں اثناء وزیر اعظم نے آئی ٹی شعبے کے حوالے سے تمام اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 25 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے آئی ٹی پارک ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔وزیراعظم کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کے منصوبوں، آئی ٹی برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات کے نفاذ اور ڈیجیٹلائزیشن پر جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے کہا اسلام آباد آئی ٹی پارک کے منصوبے پر اب تک پیشرفت اطمینان بخش ہے ۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کورین ماہرین سے مشاورت کے بعد اس کی تعمیراتی مدت میں مزید کمی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا شہریوں کو حکومتی خدمات کیلئے موبائل ایپلی کیشن کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے ۔وزیر اعظم نے آئی ٹی شعبے کے حوالے سے تمام اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں