فائروال کے باعث آئی ٹی برآمدات متاثر ہوئیں،وزیر تجارت

 فائروال کے باعث آئی ٹی برآمدات متاثر ہوئیں،وزیر تجارت

اسلام آباد(نمائندہ دنیا)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں وزیر تجارت جام کمال نے اعتراف کیا کہ فائروال اور نیٹ رفتار سست روی کا شکار ہونے کے باعث آئی ٹی کی برآمدات متاثر ہوئی،چین اور سعودی عرب کی طرف سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے برآمدات بڑھیں گی، مالی سال 2029 تک برآمدات 60 ارب ڈالر تک بڑھائیں گے۔

آئی ایم ایف پروگرام میں ہونے کے باعث برآمدکنندگان کیلئے مراعاتی پیکیج ممکن نہیں۔ قائمہ کمیٹی تجارت کا اجلاس جواد حنیف خان کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی نے وزیر تجارت سے تین سالوں میں برآمدات 60 ارب ڈالر تک کرنے کے منصوبہ پر تفصیلات طلب کیں ۔کمیٹی ارکان نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فائروال اور نیٹ سست ہونے کے باعث آئی ٹی کی برآمدات متاثر ہوں گی جس کا وزیرتجارت نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ فائروال اور نیٹ رفتار کم ہونے کے باعث آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات متاثر ہو رہی ہیں، آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات متاثر ہونے سے برآمدات کا ہدف متاثر ہو سکتا ہے، آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات متاثر ہونے کا ایشو وفاقی کابینہ میں اٹھایا جائے گا، وزیر تجارت نے بتایا کہ برآمدات بڑھانے کے 65 منصوبے ہیں۔ معدنیات اور آئی ٹی کی برآمدات بڑھائی جائیں گی۔ چین سے نکلنے والی امریکی کمپنیوں کو پاکستان لایا جائے گا۔ ایک سال میں زرعی برآمدات 2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 8 ارب ڈالر ہو گئیں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تجارت نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ کچھ مسائل ہیں جو حل طلب ہیں۔ جب تک وہ مسائل حل نہیں ہونگے تجارت ممکن نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں