دفاتر پیپرلیس بنائیں،آئندہ ماہ کوئی فائل ای آفس کے سوا نہیں دیکھوں گا:شہباز شریف

دفاتر پیپرلیس بنائیں،آئندہ ماہ کوئی فائل ای آفس کے سوا نہیں دیکھوں گا:شہباز شریف

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی حکومت کے دفاتر کو پیپرلیس بنانے کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور متعلقہ اداروں کو ٹاسک سو نپتے ہوئے کہاکہ وفاقی سرکاری دفاتر میں ای آفس کے نفاذ میں کسی قسم کی سست روی قبول نہیں۔

گزشتہ روز وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایک ماہ کے اندر تمام دفتری فائلز پر کام ای آفس کے ذریعے یقینی بنایا جائے ۔ آئندہ ماہ سے کوئی بھی فائل ای آفس کے علاوہ نہیں دیکھوں گا۔ انہوں نے کہاکہ نظام میں شفافیت اور تیزی لانے کیلئے ای آفس کا نفاذ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے ۔یقینی بنایا جائے کہ تمام سرکاری دفاتر میں افسر ای آفس کے ذریعے فائلز بھیجیں۔وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وزیرِ اعظم آفس کے سٹاف کی گزشتہ ہفتے ای آفس کی ٹریننگ مکمل کر لی گئی۔وزیرِ اعظم نے گزشتہ ہفتے بذاتِ خود ای آفس پر فائلز موصول کیں۔وزیرِ اعظم نے آئندہ دو ہفتوں میں ای آفس کے نفاذ پر پیش رفت پر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ادھر وزیراعظم شہبازشریف نے وفاق کے ماتحت سول سروس اور وفاق کے ماتحت سروس کیڈر کی اصلاحات کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔ وزیراعظم نے سول سروس اصلاحات کرکے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نئے کیڈر تشکیل دینے اور موجودہ دور سے مطابقت نہ رکھنے والے کیڈرز کوختم کرنے کے لئے سفارشات تیار کرنے کی ہدایت دی ۔

وزیراعظم نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن،کابینہ ڈویژن، وزارت قانون اور وزارت خزانہ پرمشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے ۔وزیراعظم نے سول سروس اصلاحات کے لئے کمیٹی کوایک ماہ میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ شہباز شریف نے سول سروس اصلاحات کے لئے مختلف سروس کیڈر ،ایکس کیڈر کوختم کرنے اور نئے کیڈر تشکیل دینے اور وزارتوں میں کیڈر اور ایکس کیڈر اسامیوں کی تعداد کم کرنے کے حوالے سے سفاشارت تیارکرنے کی ہدایت دی ہے ۔ سول سروس اصلاحات کے لئے نیشنل ایگزیکٹو سروس ،سمیت جدیدتقاضوں کے ہم آہنگ نئے کیڈر تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے ۔ سول سروس اصلاحات میں پوسٹل سروس،ریلوے ،آڈٹ اینڈ اکائونٹس،ان لینڈر یونیو،کسٹم،اکنامسٹ ،ٹریڈاینڈڈویلپمنٹ سمیت دیگر کیڈرز کاازسرنوجائزہ لیاجائے گا۔سول سروس اصلاحات میں آئینی ادارو ں ، محکموں اور مختار اداروں میں ایکس کیڈر کی اسامیوں اور وفاقی وزارتوں میں کیڈراسامیوں کی تعداد کاجائزہ لیاجائے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کی وجہ سے سبکدوش ہونے والے ملازمین کو دیا جانے والا مالی پیکیج ان افراد کے لیے ہرگز نہیں ہے جن پر سنگین کرپشن کے الزامات ثابت ہو چکے ہوں۔گزشتہ وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کی تحلیل کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے تحت جاری منصوبوں کی صوبوں اور متعلقہ اداروں کو منتقلی کا حتمی لائحہ عمل جلد از جلد پیش کیا جائے ۔ پاک پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل سے متعلق تمام حتمی تجاویز کابینہ کے سامنے پیش کی جائیں ۔وزیراعظم کی پاک پی ڈبلیو ڈی کے کم مدت ملازمت کے حامل محنتی اور ایماندار افراد کو دوبارہ ملازمت فراہم کرنے کے لیے ایج ریلیکسیشن کی تجویز پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں