عمران خان کی مبینہ سہولت کاری: اڈیالہ جیل کے مزید 3 افسروں کا تبادلہ

راولپنڈی: (دنیا نیور) عمران خان کی مبینہ سہولت کاری کے الزام میں اڈیالہ جیل کے مزید 3 افسروں کا تبادلہ کر دیا گیا۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں عمران خان کی مبینہ سہولت کاری کا نیٹ ورک پکڑے جانے کے بعد افسران کے تبادلے جاری ہیں، آئی جی جیل خانہ جات نے تینوں افسروں کے تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل آفتاب احمد کا تبادلہ کردیا گیا، انہیں پنجاب سٹاف ٹریننگ کالج بھیج دیا گیا، آفتاب احمد کو سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کی جگہ تعینات کیا گیا تھا، آفتاب احمد بانی پی ٹی آئی کو بیرک سے لانے اور لیجانے کی ڈیوٹی دی گئی تھی۔

اس کے علاوہ لیڈی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سمرہ جبین کا بہاولپور اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مظہراقبال اسلم کا ڈی جی خان تبادلہ کردیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عمران خان کی سہولت کاری کے الزام میں اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو بھی حراست میں لیا گیا تھا جبکہ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال سے بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی، اس کے علاوہ بھی جیل کے مزید 6 ملازمین کو حراست میں لیا گیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں