سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام کے بانی پاول دورو فرانس میں گرفتار

پیرس: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام کے بانی اور سی ای او پاول دورو کو فرانس میں گرفتار کر لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاول دورو آزربائیجان سے اپنے نجی طیارے کے ذریعے پیرس پہنچے تھے جہاں انہیں حکام نے گرفتار کر لیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 39 برس کے پاول دورو روس اور فرانس دونوں ممالک کی شہریت رکھتے ہیں، ان پر قانون نافذ کرنے والے حکام سے عدم تعاون، منشیات کی سمگلنگ، کمسنوں سے مجرمانہ فعل اور دھوکہ دہی میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹیلی گرام کے سی ای او پر آج فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاول دورو پر دہشت گردی، منی لانڈرنگ اور چوری شدہ چیزیں لینے کا بھی الزام عائد کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاول دورو روس میں پیدا ہوئے تھے تاہم اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند کرنے سے متعلق مطالبات تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہوں نے 2014 میں روس چھوڑ دیا تھا۔

ٹیلی گرام روس، یوکرین میں خاص طور پر مقبول ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں