دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ،علما پہلے کی طرح قوم کی رہنمائی کریں:وزیرداخلہ

دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ،علما پہلے کی طرح قوم کی رہنمائی کریں:وزیرداخلہ

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمدعبدالخبیر آزاد نے ملاقات کی جس میں قیام امن ،دہشت گردی وفرقہ واریت کے خاتمے ، مذہبی ہم آہنگی ، رواداری اور بین المسالک اتحاد کو فروغ دینے کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا کوئی دین مذہب نہیں ،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں علما کرام نے پہلے بھی قوم کی رہنمائی کی اور اب بھی اس کی اشد ضرورت ہے ۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں موثر بیانیہ کے لئے تمام مسالک کے علما کرام سے مشاورت کی جائے گی۔ علما سے مشاورت کے بعد قومی مہم کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقا جنگ ہے ۔اس ناسور کے خاتمے کے لئے علما کرام کو ایک بار پھراپنا عظیم کردار کرنا ہے ۔علما کرام نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے ۔دشمن بدامنی انتشار پیدا کر کے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے ۔ سب ملکر دشمن کے ناپاک ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے ۔ مولانا سید عبدالخیر آزاد نے کہا کہ پیغام پاکستان،پاکستان کاوہ عظیم بیانیہ ہے جس نے دہشت گردی،انتہا پسندی اور فرقہ واریت کو حرام قرار دیا ہے ۔ موجودہ حالات میں بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔دہشت گردی،انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں