نواز شریف نے اضافی بجلی بھارت کو بیچنے کی تجویز دیدی

نواز شریف نے اضافی بجلی بھارت کو بیچنے کی تجویز دیدی

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان اور بھارت کو تلخ ماضی پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنے کی تجویز دیتے ہوئے پاکستان کی اضافی بجلی بھارت کو بیچنے کی تجویز بھی پیش کردی۔

ان کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کوچیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان آنا چا ہئے ،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اگر ایس سی او پر پاکستان آتے تو بہت اچھا ہوتا، بھارتی وزیراعظم نہیں آئے مگر وزیر خارجہ آئے یہ بھی اچھی بات ہے ، ایس سی او سے پاک بھارت تعلقات کی اچھی شروعات ہو سکتی ہے ، پاکستان اور بھارت کا ماضی بہت تلخ رہا ہے ، آگے دیکھیں، مستقبل کی بات کریں۔صرف موسمیاتی تبدیلی پر تعاون نہیں، دونوں ملکوں کو تجارت شروع کرنی چاہئے ، ایک دوسرے کے ساتھ کاروبار کرنا چا ہئے ، تعلقات اچھے ہوجائیں تو ضرورت کا سامان دو گھنٹے میں پاکستان آسکتا ہے ۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی کوریج کیلئے آئے بھارتی صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم سے پوچھیں تو وہ بھی کہیں گے پاکستان آ کر کھیلنا ہے ، کرکٹ کھیلنے پر راضی بھارتی کرکٹ ٹیم کو اجازت دینے والے اجازت نہیں دیتے ، بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان آئے گی تو کرکٹ کیلئے بہت اچھا ہوگا۔ا نہوں نے کہا بھارت کو بجلی چا ہئے ، پاکستان کے پاس بہت بجلی ہے ، یہ بجلی ضرور بھارت کو بیچنی چا ہئے ، پاکستان کی طرف سے بھارت کو سستی بجلی بیچنے کے حق میں ہوں، یہ ضرورکرنا چا ہئے ۔ بطور وزیراعظم عمران خان نے جو زبان وزیراعظم مودی کیلئے استعمال کی، وہ اس منصب کو زیب نہیں دیتی، اگر میں وزیراعظم ہوتا تو کبھی بھی ایسی زبان استعمال نہ کرتا ، وزیراعظم کا یہ ڈیکورم نہیں کہ بازاری زبان پر آ جائے ۔ اس موقع پر موجود وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھارتی پنجاب دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ،انہوں نے اپنے آباؤ اجداد کا گاؤں جاتی امرا دیکھنے جبکہ کیرالہ اور چنئی جانے کی بات کی ۔ان کا کہناتھاکہ بھارت اور پاکستان کے پنجاب کو ایک دوسرے سے بہت کچھ سیکھنے کو مل سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں