مذاکرات کمزوری کی علامت نہیں،وزیر اعظم مسخروں کو لگام دیں:تحریک انصاف
اسلام آباد( نیوز ایجنسیاں )تحریک انصاف نے کہا ہے کہ مذاکرات کمزوری کی علامت نہیں،وزیر اعظم مسخروں کو لگام دیں۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ملک کو بحران سے نکال کر جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور استحکام کی راہ پر ڈالنے کی سنجیدہ کوشش ہے۔
شہبازشریف سمجھ لیں، آوارہ زبانوں کو لگامیں نہ ڈالی گئیں تو جواب میں کوئی نرمی اور رعایت روا نہیں رکھی جائے گی۔ایک بیان میں وزیردفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت کی صفوں میں موجود منہ کی کسی مہلک بیماری میں مبتلا ذہنی مریض مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں، سیاسی حیثیت اور ساکھ سے یکسر محروم یہ عناصر فساد اور انتشار کو ہی اپنی سیاسی بقا کا ضامن سمجھتے ہیں، وزیراعظم مذاکرات کے نتیجہ خیز ہونے کے حوالے سے سنجیدہ ہیں تو اپنی کابینہ کے مسخروں کو لگام دیں۔شہباز شریف نے جس تیزی سے معیشت کو پاتال میں پھینکا وہ معیشت کی تباہی کے نصاب میں تاقیامت ایک بدترین نظیر کے طور پر دنیا بھر کی جامعات میں پڑھایا جاتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے میثاق پر دستخط کرنے کے دعویداروں نے گزشتہ اڑھائی برس سے جمہوریت کا جنازہ کندھوں پر اٹھا رکھا ہے ، پختونخوا اور پورے ملک کے عوام جانتے ہیں کہ عمران خان دہشتگردی کو صفر کرنے اور عوام کے جان و مال کی سلامتی کا اہتمام کرنے میں کامیاب رہا۔جن 40 ہزار کا ذکر خواجہ آصف کر رہے ہیں انہیں قمر جاوید باجوہ نے واپسی کی راہ دکھلائی جس کے بوٹ چاٹ کر سیالکوٹ کا یہ گنوار پارلیمان پہنچا،خط لکھ کر پیسے دینے سے منع کرنے کا الزام اتنا ہی جھوٹا اور بیہودہ ہے جیسے کوئی یہ دعویٰ کرے کہ نوازشریف بھی کوئی سیاسی رہنما ہے ، شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ شہبازشریف سمجھ لیں،زبانوں کو لگامیں نہ ڈالی گئیں تو جواب میں کوئی نرمی اور رعایت روا نہیں رکھی جائے گی۔ تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات پر وکٹ کے دونوں طرف نہ کھیلے ۔انہوں نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو مذاکرات کرنے ہیں تو کھلے دل سے کرے ، ہم حکومت سے مذاکرات ملک کے مفاد میں کر رہے ہیں۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کوئی این آر او نہیں مانگا، خواجہ آصف اور گورنر فیصل کریم کنڈی کے بیانات سمجھ سے بالاتر ہیں۔ حکومت سنجیدہ مذاکرات چاہتی ہے تو وزرا کو غیر ذمہ دارانہ بیانات سے روکے ۔