بہت ہوگیا پی ٹی آئی ہوش کے ناخن لے :گورنرپنجاب
لاہور (سپیشل رپورٹر )گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا مظا ہرہ کرنا چا ہئے ، عوام مشکل میں ہیں، حکوت اور پی ٹی آئی مذاکرات کوخوش آمدید کہتا ہوں، یہ وقت کی ضرورت ہیں ۔
بہت ہوگیا پی ٹی آئی ہوش کے ناخن لے ،اگر اس نے یہی سیاست کی تو اسکاکوئی مستقبل نہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کے سنیئررہنماچودھری اکرام کمبوہ کی رہائشگاہ بلال گنج میں استقبالیہ سے خطاب میں کیا۔ سینئر رہنما عزیز الرحمن چن و دیگر عہدیداران اور ورکرز کی بڑی تعداد موجود تھی، گورنر نے کہا آپکے جوش وجذبے کو خراج تحسین پیش کرتا ہو، آئندہ الیکشن کیلئے شہید بینظیر کے بیٹے اور بھٹو کے نواسے کیلئے دن رات محنت کرنی ہے اور انہیں ملک کا وزیر اعظم بنانا ہے ۔ پیپلز پارٹی کے علاوہ کوئی ایسی قیادت نہیں جو عوام کیلئے آواز اٹھائے ، پیپلز پارٹی کا ورکر ہوں آپکو کوئی بھی مسئلہ ہو توگورنر ہائوس کے دروازے کھلے ہیں۔انہوں نے کہا ملکی مسائل کا حل صرف بلاول بھٹو کے پاس ہی ہے ، جب بھی حکومت پھنستی ہے تو بلاول مشکل سے نکالتے ہیں۔ گورنر سلیم حیدر نے نئے سال کی آمد پر اہل وطن کو مبارک دیتے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ سال ملکی ترقی اور امن کا سال ثابت ہوگا، دہشتگردی کا خاتمہ ہو ، فلسطینی ،کشمیری عوام کو آزادی نصیب ہو، اپوزیشن نئے سال میں انتشار کی بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے تاکہ دشمنوں کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ ہم قومی مفادات کے تحفظ کیلئے متحد ہیں۔