پاکستان اونچی اڑان کیلئے ٹیک آف کرچکا،رکاوٹ بننے والے عوام کے دشمن :مریم نواز

پاکستان اونچی اڑان کیلئے ٹیک آف کرچکا،رکاوٹ بننے والے عوام کے دشمن :مریم نواز

لاہور(اے پی پی ،دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاہے پاکستان اونچی اڑان کیلئے ٹیک آف کرچکاہے ،رکاوٹ بننے والے عوام کے دشمن ہیں ،ثابت ہوا ملک و قوم کی ترقی صرف پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجیح ہے ۔

 وزیراعلیٰ نے وزیراعظم شہبازشریف کے پائیدار ترقی کے جامع روڈ میپ اڑان پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعظم اوران کی ٹیم کو ڈیویلپمنٹ روڈ میپ پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا نوازشریف کے ویژن کے مطابق پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ شہباز شریف اور ان کی ٹیم ملکی معیشت میں استحکام اورعام آدمی کی خوشحالی کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا اڑان پاکستان پائیدار ترقی کا شاندار پلان ہے ،ایکسپورٹ، انوائرمنٹ،انرجی اور ایکویٹی پر مشتملفائیو-ایویژن قابل تحسین ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا معیشت مستحکم ہورہی ہے ،سماجی ترقی کی طرف توجہ دینا ہوگی۔ قومی ترقی کی راہ میں حائل ہونے والوں کو اب قوم برداشت نہیں کرے گی۔پاکستان کے پاپولیشن پوٹینشل اور میسر وسائل کا بہتر استعمال ناگزیر ہے ۔پاکستان کی اڑان میں حائل ہونے والے اصل میں عوام کے دشمن ہیں۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سال نو کے آغاز پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور دعا کی سال نو عوام کے لئے خوشی اور خوشحالی کی نویدہو۔ سال 2025 کے آغاز پر وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا سال نو میں انفرادی اور اجتماعی طور پر نئی شروعات اورروشن مستقبل کے آغاز کا عزم کرتے ہیں،عوام کی خدمت، حفاظت اور ترقی کے مشن کو آگے بڑھائیں گے ۔انہوں نے کہا نواز شریف کینسر ہسپتال، سرگودھا کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ،آٹزم سکول اور آئی ٹی سٹی کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ دعا ہے سال نو وطن عزیز سے غربت و افلاس، دہشتگردی وانتہا پسندی اور جرائم کے خاتمے کا سال ہو۔وزیراعلیٰ نے کہا الحمدللہ،2024 میں تعلیم، زراعت، انرجی،ہیلتھ سمیت ہر شعبے میں تاریخی اور ریکارڈ پراجیکٹ لائے ، اب مزید آگے بڑھیں گے ۔ ہم ایک مستحکم، روشن اور خوشحال مستقبل کا عزم کرتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں شہادت کا رتبہ پانے والے ہر جوان اور افسر کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ سال نو کے آغاز پر عہد کرتے ہیں دن رات کام کریں گے اور عوام کی خدمت کا وعدہ نبھائیں گے ۔دعا ہے 2025کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال ہو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں