مطالبات نہ مانے گئے تو تحریک کیلئے تیار ہیں، علی امین
پشاور(آئی این پی )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو تحریک کیلئے تیار ہیں ، یہ لوگ شام اور بنگلہ دیش کی طرح ہیلی کاپٹرمیں بھاگیں گے ۔
ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کیلئے مذاکرات کر رہے ورنہ ان کیساتھ مذاکرات بنتے بھی نہیں، موجودہ حکومت نے مینڈیٹ چوری کیا عوام کے ووٹوں کے بغیر آئی ہے ۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ امید ہے مذاکرات میں ہمارے مطالبات منظور کیے جائیں گے ، اگر مطالبات منظور نہیں کیے گئے تو پھر ہم تحریک کیلئے تیار ہیں، مطالبات میں بانی پی ٹی آئی سمیت جتنے اسیران ہے ان کی رہائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنایا جائے ، 26 نومبر کی تحقیقات کی جائیں اور مینڈیٹ چوری کیا ہوا ہے فارم 47 ان لوگوں کے پاس نہیں وہ دکھائیں۔وزیراعلیٰ کے پی نے مزید کہا کہ ہمارے مطالبات میں حقیقی آزادی بھی شامل ہے ، حکومت آئین اورقانون کی دھجیاں اڑا رہی ہے ، 2025 حقیقی آزادی کا سال ہو گا۔فضل الرحمن اور حیدر ہوتی نے خود مانا پی ٹی آئی کی حکومت کیسے گرائی گئی۔