مریم نواز سے چینی وفد کی ملاقات ،پنجاب میں 70کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری پر تیار
لاہور(دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے چین کے اعلی ٰسطح کے وفد نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔جس میں چینگ ڈو جنرل کوآرڈینیٹر برائے آئی سی ٹی ہب مس اسکارلٹ اور ڈپٹی سی ای او ہواوے مسٹر یو رے شامل تھے ۔
چینگ ڈونے 700ملین ڈالر کی سر مایہ کاری پر رضامند ی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اصولی منظوری دے دی۔ چینگ ڈو حکو مت کے تعاون سے ای ٹیکسی سروس کا جلد آغاز ہو گا۔لاہور نوازشریف آئی ٹی سٹی میں چینی کمپنی کمپیوٹنگ سنٹر بھی قائم کرے گی۔ نوازشریف آئی ٹی سٹی میں ڈیٹا او رکلاؤڈ سنٹر قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ حکومت پنجاب ڈیٹا اور کلاؤڈ سنٹر کیلئے ا راضی اور بلڈنگ فراہم کرے گی۔ملاقات میں پاکستان میں پہلا ای کامرس پلیٹ فارم قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔چینی کمپنی پاکستانی نوجوانوں کو آن لائن ورلڈ وائڈ ٹریڈنگ کے لئے ٹریننگ بھی دے گی۔ لاہور میں چینی اشتراک کار سے سمارٹ کنٹرو ل روم، سمارٹ ٹریفک کنٹرول، سمارٹ ٹرانسپورٹ، سمارٹ سینی ٹیشن سنٹر قائم ہوگا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر اور وفد کو دورہ چین میں جدید ترین ڈیجیٹل سنٹرز کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی۔فیز ٹو میں نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی سے متعارف کرانے کیلئے اے آئی انڈسٹری سنٹر بھی قائم ہوگا۔ چینی حکومت پنجاب میں پلیٹ فارم سروس کیپسٹی بلڈنگ کیلئے بھی معاونت کرے گی۔ فیز تھری میں انڈسٹریز کے قیام کیلئے لوکل انویسٹمنٹ میں معاونت کا جائزہ لیا گیا۔پاکستانی نوجوانوں کوٹیکنالوجی کے جدید تقاضوں سے متعارف کرانے کیلئے بھی اشتراک کار کیا جائے گا۔وزیراعلی ٰنے کہا کہ چین کے تعاون سے پنجاب کو سب سے بڑا آرٹیفشل انٹیلی جنس سنٹر بنانا چاہتے ہیں ۔ پنجاب بہت جلد خطے میں آئی ٹی ہب بنے گا ۔