مدارس رجسٹریشن:صوبوں میں قانون سازی کیلئے کردار ادا کریں،فضل الرحمٰن کا وزیراعظم کو فون

مدارس  رجسٹریشن:صوبوں میں قانون سازی کیلئے کردار ادا کریں،فضل الرحمٰن کا وزیراعظم کو فون

اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے وزیراعظم شہباز شریف سے مدارس بل پر صوبوں میں قانون سازی کیلئے کردار اداکرنے کی درخواست کردی ،وزیراعظم نے انہیں مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیااور مدارس رجسٹریشن پر صوبوں میں قانون سازی پرگفتگوکی ،انہوں نے اس حوالے سے وزیراعظم کو کردار اداکرنے کی درخواست کی ،شہباز شریف نے فضل الرحمن کو حمایت کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ صوبوں میں قانون سازی کے لئے چاروں وزرائے اعلیٰ سے رابطہ کروں گا۔ فضل الرحمن نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات جمہوری عمل کا اہم جزو ہیں،افہام و تفہیم سے گریز اور مذاکرات سے انکار غیر جمہوری رویہ ہے ۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان اور مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران مولانا نے کہاکہ بڑے بڑے مسائل مل بیٹھ کر آپس میں بات چیت کے ذریعے ہی طے کیے جا سکتے ہیں،پاکستان کو ہر اعتبار سے استحکام اور باہمی اتحاد کی ضرورت ہے ،جس کیلئے سیاسی ہم آہنگی ضروری ہے ۔ عرفان صدیقی نے فضل الرحمن کو مذاکراتی عمل کی پیشرفت سے آگاہ کیا اوردینی مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے کو خوش اسلوبی سے سلجھانے کیلئے مولانا کی کوششوں کو سراہا۔عرفان صدیقی نے فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی اور علالت پر ان کی مزاج پرسی کی۔ مولانا نے گزشتہ روز سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ٹیلی فون بھی کیا اور انہیں پوتے کی شادی کی مبارکباددی ہے ۔نواز شریف نے فضل الرحمن سے اظہار تشکر کیا اور ان کی خیریت دریافت کی ۔ مدارس بل قانون بننے پر مبارکباد دی ،ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان مختصر بات چیت میں ایک دوسرے کی صحت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا اور جلد ملاقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں