کوئی سپیشل فرد بنیادی حق سے محروم نہیں رہیگا : مریم نواز

کوئی سپیشل فرد بنیادی حق سے محروم نہیں رہیگا : مریم نواز

لاہور(دنیا نیوز)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ سپیشل افراد کے حقوق کے تحفظ اور خودمختار ی کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں،سپیشل ہیروز کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے،کوئی بھی بچہ خواہ وہ کسی بھی معذوری کا شکار ہو، کسی بھی بنیادی حق سے محروم نہیں ہوگا، ہر حق دینگے۔

بصارت سے محروم سپیشل ہیروز کے لئے مخصوص ورلڈ بریل ڈے پر اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں جدید ترین بریل پریس کام کر رہے ہیں، لاہور اور بہاولپور کے بریل پرنٹنگ پریس کے ذریعے صوبہ بھر میں سرکاری و نجی اداروں کو مفت بکس مہیا کی جا رہی ہیں۔ بریل پریس کی اپ گریڈیشن سے سپیشل افراد کو بین الاقوامی سٹینڈرڈ کا تعلیمی مواد بکس مہیا کرنا ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ بریل سسٹم بصارت سے محروم افراد کے لئے علم و شعور کی روشنی فراہم کرنے کا موثر ذریعہ ہے ،رواں سال پنجاب بھر میں3 ہزار سے زائد سپیشل بچوں کو انرول کیا گیا،بصارت سے محروم سٹوڈنٹس کو 15 ہزار سے زائد بریل بکس فراہم کی جا چکی ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ سپیشل طلبہ کو قرآن پاک بھی بریل میں مہیا کیا جارہا ہے، سپیشل طلبہ کی تعلیمی ضروریات کے پیش نظر معاون آلات فراہم کئے جا رہے ہیں، محکمہ سپیشل ایجوکیشن کو بنیادی اصلاحات کرکے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے ،خصوصی تعلیم کے اداروں کو سہولتوں کی کمی پوری کرکے اپ گریڈ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپیشل پرسن کے معاشی مسائل میں کمی لانے کیلئے ہمت کارڈ کے ذریعے مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔سماعت سے محروم بچوں کو سماجی و تعلیمی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کیلئے معاون آلات فراہم کئے گئے ہیں،خصوصی افراد کو تعلیمی ضروریات پوری کرنے کیلئے مزید وسائل فراہم کریں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے پہلے آٹزم سکول پر کام تیزی سے جاری ہے ،جلد مکمل ہو جائے گا ۔مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم ہیروز ہیں،انہوں نے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں