صدر عرب امارات،شہباز شریف ملاقات،تعاون بڑھانے کا عزم

صدر عرب امارات،شہباز شریف ملاقات،تعاون بڑھانے کا عزم

اسلام آباد، رحیم یار خان (نامہ نگار، ڈسٹرکٹ رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اتوار کو رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں پاکستان کی ترقی کے سفر میں متحدہ عرب امارات کے اہم کردار کی تعریف کی اور اقتصادی تعاون، علاقائی استحکام، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی سطح پر باہمی مفادات کے فروغ سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے اقتصادی تعاون، علاقائی استحکام، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی سطح پر باہمی مفادات کے فروغ سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم نے قابل تجدید توانائی، ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و تجدید، نوجوانوں میں صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ اور تجارت جیسے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان کے ساتھ کان کنی، معدنیات اور زراعت کے شعبوں میں تعاون میں متحدہ عرب امارات کی گہری دلچسپی کو اجاگر کیا۔انہوں نے پاکستان کی معیشت مستحکم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی متحرک قیادت کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس نئی اقتصادی قوت نے دو طرفہ سرمایہ کاری اور تعاون میں اضافے کے امکانات پیدا کیے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو بڑھانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم کا اعادہ کیا، عوام سے عوام کے روابط اور مشترکہ خوشحالی کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے مشکل وقت خاص طور پر اقتصادی تعاون کے ضمن میں متحدہ عرب امارات کی غیر متزلزل حمایت پرمتحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنمائوں نے خطے میں امن اور ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے امور پر مل کر کام کرنے پر زور دیا۔میٹنگ کا اختتام دونوں ممالک کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی طور پر ترجیحی شعبوں میں وسیع تر تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔متحدہ عرب امارات کے صدر نے پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں وزیراعظم شہباز شریف کو اپنی گاڑی میں بٹھا کر خود ڈرائیونگ کی اور اس دوران دونوں کے درمیان غیررسمی اور خوش گوار گفتگو ہوئی۔وزیرِاعظم نے صدر امارات کو ان کے دوسرے گھر پاکستان میں خوش آمدید کہا اور غیر رسمی گفتگو کے دوران دونوں رہنما ہنستے مسکراتے نظر آئے ۔ملاقات میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں