مذاکرات کی کامیابی کیلئے حکومت کو پیچھے ہٹنا ہوگا:فواد
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کیلئے حکومت کو پیچھے ہٹنا ہوگا، اگلے الیکشن کا شیڈول دینا پڑے گا ، ورنہ مذاکرات نہیں چل سکیں گے ۔تحریک انصاف نے دو سال پورا زور لگا لیا ہے کہ انقلاب آجائے ، انقلاب نہیں آیا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘ ٹونائٹ ود ثمرعباس’’میں گفتگو کرتے ہوئے فواد نے کہا کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ نے زور لگا لیا ہے کہ عمران خان کے بغیر ملک چلا لیا جائے ، ملک نہیں چل رہا،حکومت پہلے کہتی تھی مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اب مذاکرات ہورہے ہیں، حکومت پر یقینی طور پر عالمی دباؤ بھی ہے ،ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان تو الیکشن چاہتے ہیں،حکومت نے بتاناہے کہ کب ہوں گے ؟، اگلے الیکشن کا شیڈول دینا پڑے گا، ورنہ مذاکرات آگے تک نہیں چل سکیں گے ،اس وقت ملک درست سمت میں نہیں چل رہا، اگر ملک اچھا چل رہا ہوتا تو حکومت مذاکرات کیوں کرتی؟۔رہنما تحریک انصاف شیرافضل مروت نے دعویٰ کیا ہے کہ سوا دوماہ کے اندرعمران خان کی رہائی ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بانی نے گھر میں نظربندی سے متعلق آفر بارے بتایا تھا، آفر اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے آئی تھی، یہ آفر بیرسٹر گوہر کے ذریعے پہنچائی گئی تھی۔شیرافضل نے کہا کہ ایگزیکٹوآرڈرکوئی ایسا قانون نہیں جس کے تحت حکومت بانی پی ٹی آئی کورہا کرے ، وہ کسی ایگزیکٹوآرڈرکے تحت رہائی نہیں لیں گے ۔بانی نے 31جنوری کومذاکرات مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے ، یہ ڈیڈ لائن اپنی رہائی سے متعلق نہیں دی۔