سعودی عرب میں آج عید،پاکستان میں کل ہونے کا قومی امکان
ریاض ،اسلام آباد(دنیا نیوز)سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات سمیت زیادہ تر خلیجی ممالک میں شوال کا چاند نظر آ گیا، عید الفطر آج منائی جائے گی، جبکہ پاکستان میں آج رویت ہلال کا قوی امکان ہے ۔
سعودی عر ب میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مکہ، مدینہ، تبوک اور دمام سمیت 10سے زائد مقامات پر رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے ،سعودی سپریم کورٹ نے عوام سے بھی شوال کا چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی جبکہ ملکی اور غیر ملکی شہریوں نے چاند کا مشاہدہ کرکے گواہی دی، سعودی ماہرین فلکیات کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش کل دن 2 بجے ہوئی ہے ۔متحدہ عرب امارات جہاں ڈرونز کے ذریعے عید کا چاند دیکھا جا رہا تھا وہاں بھی شہادتیں موصول ہونے پر آج بروز اتوار عید ہونے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ امریکا میں بھی شوال کا چاند نظر آگیا ،برطانیہ میں بھی آج عید منائی جائیگی۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق ایران میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا ، ایران میں عید الفطر پیر 31 مارچ کو ہوگی،اس طرح عمان ،انڈونیشیا، ملائیشیا، آسٹریلیا ،بھارت، بنگلہ دیش، برونائی میں بھی عید پیر31 مارچ کو منانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ادھر پاکستان سمیت متعدد ایشیائی ممالک میں عید کا چاند آج دیکھا جائے گا ،پاکستان میں چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور زونل کمیٹیوں کے اجلاس آج بروز اتوار وزارت مذہبی امور میں جبکہ صوبائی کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے زونل ہیڈ کوارٹرز میں ہونگے ۔چاند دیکھنے کے ساتھ ساتھ ملک بھر سے شہادتیں وصول کی جائیں گی،ماہرین فلکیات کے مطابق رمضان المبارک 29 روزوں کا ہوگا اور عید الفطر 31 مارچ کو ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے ،آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے ہوگی اور چاند نظر آنے کے امکانات واضح ہونگے ۔
پاکستانی اسپیس ایجنسی سپارکو نے بھی کہا آج پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کا امکان نہایت روشن ہے ،ترجمان سپارکو کا کہنا ہے شوال کا چاند پاکستانی وقت کے مطابق 3 بجکر 58 منٹ پر تشکیل پا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آج غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 27 گھنٹے ہوگی۔ ریسرچ رویت ہلال کونسل کا بھی کہنا ہے عید الفطر 31مارچ بروز پیر کو ہونے کا قومی امکان ہے ، تاہم حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولاناعبدا لخبیر آزاد چاند دیکھنے اور شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد کریں گے ۔البتہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی ) کے صدر ایمل ولی خان نے سعودی عرب کے ساتھ آج اتوار کو عید منانے کا اعلان کر دیا،جبکہ خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں کی مساجد سے بھی آج عید منانے کے اعلان ہوئے ہیں، ضلع خیبر،تحصیل باڑہ کے بیشتر علاقوں باڑہ برقمبر خیل، شلوبر، اکاخیل، سپاہ اور ملک دین خیل کے مختلف حصوں میں آج عید منائی جائے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور عمان کے سلطان ہیثم بن طارق ،مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی ، تاجکستان کے صدر امام علی رحمن سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے انہیں عید کی مبارکباد دی۔