مریم نواز کا زیادہ کرایہ وصولی پر ٹرانسپورٹرز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے عیدالفطر پرمقررہ سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا اور زائد کرائے وصول کرنے پرسخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے چاند رات اورعیدالفطر پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کا بھی حکم دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز تمام اضلاع میں مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کا حکم دیا اور ڈپٹی کمشنرز کو زائدکرایوں کی وصولی روکنے کے لئے کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے ۔ مریم نواز نے تمام بس سٹینڈز پر کرایہ نامے نمایاں آویزاں کرنے کی ہدایت کی اور اس کے ساتھ ساتھ تمام بس سٹینڈز پر صفائی ستھرائی کا حکم دیا،انہوں نے بس سٹینڈز کی انتظار گاہوں پر بیٹھنے کے مناسب انتظام اور پنکھے کی موجودگی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے محکمہ ٹرانسپورٹ اوردیگر متعلقہ حکام کو فیلڈ میں چیکنگ ڈیوٹی کی ہدایت کی ہے ۔مریم نواز کا کہناتھاکہ عید کے موقع پر گھر کو لوٹنے والے غریب مسافروں کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے چاند رات پر صوبہ بھر کے تمام بڑے شہروں کے مرکزی بازاروں میں ویمن پولیس سکواڈ کے گشت کو بڑھانے کی ہدایت کی اور بازاروں میں خواتین اور بچوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنانے کا حکم دیا ،ان کی ہدایت پر لاہور کے 65تجارتی مراکز پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی اور بازاروں اور مارکیٹوں میں نگرانی کے لئے ڈرون کیمروں اور نائٹ ویژن دوربین کا استعمال شروع کردیا گیاہے ،چاند رات پر روڈز پر ون ویلنگ کی روک تھام کے لئے 55مقامات پر ناکہ بندی کرکے پولیس تعینات کی جائے گی۔اے ٹی ایم اور بینکوں کے اطراف میں 225 مقامات پر پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی لگا دی گئی،بازاروں اور مارکیٹوں میں سماج دشمن عناصر کی آمدورفت کی کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے ۔