وزیراعظم،آرمی چیف قوم کو جہاد کے تصور پرمتحد کریں:حافظ نعیم

وزیراعظم،آرمی چیف قوم کو جہاد کے تصور پرمتحد کریں:حافظ نعیم

ایبٹ آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف عاصم منیر سے اپیل ہے کہ قوم کو جہاد کے تصور پرمتحد کریں۔ اب قوم میں یقین اور امید پیدا ہوگئی ہے ۔

قوم متحد ہوئی تو دشمن کو دھول چاٹنے پر مجبور کیا ، حکومت یکجہتی کو برقرار رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائے ۔ہمیں ملک دشمنوں سے لڑنے کیلئے متحد ہونا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام دفاع پاکستان اور غزہ یکجہتی مارچ سے خطاب میں کیا جس میں ہزاروں مردو خواتین نے شرکت کی۔ امیر جماعت نے کہا دہشتگردی کیخلاف امریکی جنگ میں شرکت سے پاکستان کو بے پناہ نقصان ہوا، بھارت نے اسرائیلی ٹیکنالوجی کیساتھ پاکستان پر حملہ کیا،پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی سے انڈیا کا غروراورتکبر خاک میں مل گیا۔ ہماری بہادرافواج نے فرانس کے رافیل طیارے اور اسرائیلی ڈرونز کو مار گرایا ، پاکستان کو فتح نصیب ہوئی، جب افواج صہیونیوں اور اسلام مخالف قوتوں کا مقابلہ کرتی ہیں تو قوم متحد ہوجاتی ہے ۔انہوں نے کہا بھارتی میڈیا جھوٹ بول کر سمجھ رہا تھا کہ پاکستان کو دبا لیں گے لیکن پاکستان نے بھارت کی ٹیکنالوجی کو بھی شکست دی، روسی ٹیکنالوجی کو بھی تباہ کردیا۔ پاکستان نے دشمن کیخلاف جرأت سے مقابلہ کیا۔ بھارت نے ہماری مساجد، خواتین اور بچوں پر حملہ کیا۔ افواج پاکستان نے دندان شکن جواب دیا تو دشمن پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوا۔ بھارتی جارحیت نے قوم کو اکٹھا کیا، نوجوان ملک دشمنوں کے ہاتھوں میں نہ کھیلیں، اندرونی لڑائیاں ہوتی رہیں گی، باطل قوتوں اوربیرونی دشمنوں سے لڑنے کیلئے متحد ہونا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں