سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا جائے:گورنر پنجاب کا وزیراعلیٰ کو خط:حکومت کو آپ کے مشوروں کی ضرورت نہیں:صوبائی وزیراطلاعات
لاہور (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی )گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پنجاب کے سیلاب متاثرہ اضلاع چکوال اور جہلم کو آفت زدہ قرار دینے اور متاثرہ علاقوں میں اقدامات کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خط لکھ دیا۔
گورنر نے خط کے متن میں کہا ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا جائے اورجلد از جلد سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ سیلاب متاثرہ شہروں میں نظام زندگی شدید متاثر ہوا،شہروں کو آپس میں ملانے واے پل ٹوٹ گئے ، سڑکیں بہہ گئیں ،جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ،غریب لوگوں کے گھر، مویشی اور قیمتی سامان سیلابی ریلے میں بہہ گئے ۔ گورنر پنجاب نے حالیہ دنوں میں چکوال، جہلم اور حافظ آباد کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔ دوسری طرف وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے گورنر پنجاب کے خط پر اپنے ردعمل میں کہا آپ کو کھلا خط لکھنے کی کوئی ضرورت نہیں، معذرت کے ساتھ آپ کو ہر بار آپ کا آئینی رول یاد کروانا پڑتا ہے لیکن ہر بار آپ غلطی کرنے سے باز نہیں آتے اور مسلسل آئینی حدود سے تجاوز کرتے ہیں۔
پنجاب حکومت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کر چکی ہے ، تمام معاملات حکومت کے کنٹرول میں ہیں، کسی کو جگانا چاہتے ہیں تو اپنی جماعت اور حکومت کو خط لکھیں، حکومت کو انتظامی معاملات چلانے کیلئے آپ کے مشوروں کی ضرورت نہیں۔مریم نواز کی ہدایات پر متعلقہ ادارے متاثرین کی خدمت میں مصروف ہیں، مریم نواز سیلابی صورتحال کے اگلے روز ہی خود چکوال پہنچیں، آپ اپنا آئینی رول ادا کریں، اپنے قیمتی مشورے اپنی جماعت کو دیا کریں، پنجاب کے عوام نے مریم نواز کو مینڈیٹ دیا ہے ، آپ نمائشی دورے کرکے فوٹو سیشن کے صرف شوق پورے کیا کریں،ہم انتظامی معاملات اورحکومت چلانا بہتر طریقے سے جانتے ہیں۔ ادھر عظمیٰ بخاری کے بیان پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے لاہور میں ایک تقریب کے دوران اپنے ردعمل میں کہا عظمیٰ بخاری میرے خلاف کچھ بھی بولیں، انہیں کھلی چھٹی ہے ۔