مذاکرات چاہتے ہیں تو 8 فروری کی کال واپس لیں :رانا ثنا
بانی پی ٹی آئی مذاکرات پر یقین نہیں رکھتے ، وہ کسی کو بھی اجازت نہیں دینگے اڈیالہ بہت لوگ آنا چاہتے ، ہم مینج کرتے ہیں:شیخ وقاص، دنیا مہر بخاری کیساتھ
لاہور (دنیا نیوز )مشیر وزیر اعظم سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے ملاقاتوں کو سیاسی ایونٹ بنا لیا ہے ، اس طرح وہ ہر ہفتے خبروں میں آتی ہیں ، اگر یہ ملاقات کرنا چاہتی ہیں تو سپرنٹنڈنٹ وہاں موجود ہیں ، جنہوں نے پہلے بھی کہا تھا کہ آپ ملاقات کے بعد سیاسی بیانات نہیں دیں گی ، اگر یہ پہلے ملاقات کے بعد باہر آ کر سیاسی بیانات نہ دیتیں تو ایسا نہ ہوتا ۔دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے انہوں نے کہامحمود اچکزئی کو بانی کی طرف سے کوئی مذاکرات کی اجازت نہیں دی گئی ،وہ انہیں مذاکرات کی کبھی اجازت نہیں دینگے ، بانی مذاکرات پر یقین نہیں رکھتے ، وہ کسی کو بھی مذاکرات کی اجازت ہی نہیں دیں گے ، اس بات کی تصدیق ہے کہ عمران مذاکرات نہیں چاہتے ، مذاکراتی ٹیمیں دونوں طرف سے بیٹھ جائیں تو ٹی او آر زطے ہو سکتے ہیں، پہلے یہ 8 فروری کی احتجاجی کال واپس لیں اگر یہ بیٹھنا چاہتے ہیں تو آئیں ۔
ایک سوال کے جواب میں کہا ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست مسترد ہو ئی ہے ، انکو اپیل کا حق حاصل ہے اور اگر وہ متعلقہ فورم پر دینا چاہتی ہیں تو دیں ۔ سیکرٹری انفارمیشن پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا پارٹی میں نہ تو لوگ کم آ رہے ہیں نہ ہی کوئی تعداد کم ہو رہی ہے ، میں نے پہلے ہی کہا تھا اب پنجاب اور کے پی کے کی الگ الگ باریاں ہو ں گی ، ذمہ داران اپنی اپنی باری پر ملاقات کے لیے اڈیالہ آئیں گے ، بہت لوگ آنا چاہتے ہیں ہم مینج کرتے ہیں ، بانی کی ٹویٹ آئی تھی انہوں نے کہا تھا کہ فارم 47 کے کسی بھی فرد سے بات نہیں ہو گی اور اگر مذاکرات کی کوئی بات ہوتی ہے تو ہماری جانب سے ہمارے اتحادی مولانا ناصر عباس اور محمود اچکزئی کرینگے ، اسی میں سہیل آفریدی کو سٹریٹ موومنٹ کا کہا گیا ، ایک طرف یہ وزیر اعلیٰ کو ملاقات نہیں کرنے دیتے اس طرح یہ مذاکرات سے کیا نکالیں گے ، بہنیں جذبات میں کچھ کہہ جاتی ہیں۔