سندھ 22 محکموں کیخلاف کرپشن کی 13 ہزار 603 شکایات کارروائی کا فیصلہ
2025کے دوران9ہزار 423کیسز کی تصدیق،18ہزار 288زیرتصدیق،6ہزار 835نمٹائے جا چکے ہیں ریونیو، بلدیات،پولیس،ایس بی سی اے سے متعلق زیادہ شکایات، کارروائی یقینی بنائی جائے ،وزیراینٹی کرپشن کا اجلاس سے خطاب
کراچی(سٹاف رپورٹر)حکومت سندھ نے صو بے بھر میں مختلف بڑے محکموں کے خلاف موصول ہونے والی کرپشن کی شکایات پر سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے ۔اس سلسلے میں وزیرِ اینٹی کرپشن سندھ سردار محمد بخش مہر کی صدارت میں ایک اجلاس ہوا جس میں چیئرمین اینٹی کرپشن سید ذوالفقار علی شاہ اور ڈی جی اینٹی کرپشن امتیاز علی ابڑو نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ اینٹی کرپشن کی سالانہ کارکردگی رپورٹ اور مختلف محکموں کے خلاف موصول ہونے والی کرپشن شکایات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ شکایات پر سخت اور فوری کارروائی کی منظوری دیتے ہوئے اہم فیصلے کیے گئے ، بریفنگ میں بتایا گیا کہ یکم جنوری تا 31 دسمبر 2025 اینٹی کرپشن کی کمیٹی ون، ٹو اور تھری کے مجموعی طور پر 28 اجلاس ہوئے جن میں 536 کیسز اور 328 اوپن انکوائریز شامل تھیں۔
ان اجلاسوں کے دوران 23 ری انکوائریز، 15 کیسز بند، 103 کیسز متعلقہ محکموں کو ارسال، 43 کیسز ڈیفر اور 24 ایف آئی آرز کی منظوری دی گئی۔ ڈی جی اینٹی کرپشن امتیاز علی ابڑو نے بتایا کہ سندھ بھر میں 22 مختلف محکموں کے خلاف مجموعی طور پر 13 ہزار 603 کرپشن کی شکایات موصول ہوئیں۔ ان میں ایس بی سی اے کے خلاف 1022، کے ڈی اے 408، بلدیات 1623، ریونیو 2598، تعلیم 841، پولیس 1211، ورکس اینڈ سروسز 736، صحت 595، پبلک ہیلتھ 344، فوڈ ڈیپارٹمنٹ 255، فاریسٹ 216 اور محکمہ آبپاشی کے خلاف 619 شکایات شامل ہیں۔ترجمان اینٹی کرپشن کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 کے دوران 9 ہزار 423 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ مجموعی طور پر 18 ہزار 288 کیسز زیرِ تصدیق اور 6 ہزار 835 کیسز نمٹائے جا چکے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ شکایات کے ازالے کی شرح سال 2023 میں 11 فیصد، 2024 میں 24 فیصد جبکہ 2025 میں 37.37 فیصد رہی، ترجمان کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن عدالت اور فیلڈ سرگرمیوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ سندھ بھر میں 45 نئے کیسز موصول ہوئے ، 812 کیسز عدالتوں میں بھیجے گئے ، 2 افراد کو سزا سنائی گئی، 2 ٹریپ کارروائیاں اور 22 اچانک دورے کیے گئے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اینٹی کرپشن سردار محمد بخش مہر نے ہدایت دی کہ مختلف محکموں کے افسران کے خلاف موصول ہونے والی کرپشن شکایات پر فوری اور بلا امتیاز کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد برقرار رکھنا ہر افسر کی اولین ذمہ داری ہے اور ہر کیس میں بلا تعطل اور شفاف طریقے سے کارروائی یقینی بنائی جائے ۔