تاجر مسائل حل کیے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں، جاوید میمن

تاجر مسائل حل کیے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں، جاوید میمن

بھاری ٹیکسز دینے پربھی سہولیات، مراعات سے محروم ہیں، صدر سکھر اسمال ٹریڈرز تاجروں کی تجاویز پرآسان وسہل ٹیکس نظام متعارف کرایا جائے ، تقریب سے خطاب

سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ تاجروں کے مسائل حل کیے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں، تاجر برادری ملکی معیشت کی ترقی، خوشحای میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، تاجروں کے دئے ہوئے ٹیکس سے ہی ملکی نظام چلتا ہے ، لیکن انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ بھاری ٹیکسز کی ادائیگی کے باوجود بھی تاجر برادری سہولیات اور مراعات سے مرحوم ہیں، بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی، گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوںمیں اضافے نے صنعت و تجارت اور کاروبار کا بٹھا ہی بٹھا دیا ہے ،حکومت تاجر برادری پر جبری طور پر مزید ٹیکسز مسلط کرنے کے بجائے اپنے شاہانہ اخراجات کا خاتمہ کر کے تاجروں کی تجاویز پر آسان اور سہل ٹیکس نظام متعارف کرائیں تاکہ صنعت و تجارت اور کاروبار کو فروغ دیکر ملک کو ترقی، خوشحالی کی راہوں پر گامزن کیا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران غریب آباد کے نومنتخب عہدیداران صدر محمد منیر بھٹی، نائب صدر شاہد حسین، جنرل سیکریٹری عدنان اعظم خان سے انکے عہدوں کا حلف لینے کے موقع پر منعقدہ حلف برداری کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاویدمیمن و دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ تاجروں کے اتحاد و یکجہتی کو برقرار رکھ کر چھوٹے تاجروں کے مسائل حل کرائے ہیں، اس موقع پر مرحوم اعظم خان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور دعا بھی کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں