عارف حبیب کنسورشیم کا اجلاس ، پی آئی اے کو پھر سے بہترین ایئر لائن بنانے پر اتفاق
کراچی (آئی این پی )پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی خریداری کے بعد قومی ایئر لائن کی بحالی اور ری سٹرکچرنگ کے حوالے سے عارف حبیب کنسورشیم کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
جس میں تمام سٹیک ہولڈرز نے پی آئی اے کو دوبارہ سے ملک کی بہترین اور منافع بخش ایئر لائن بنانے پر مکمل اتفاق کیا۔اجلاس میں فوجی فاؤنڈیشن، عارف حبیب گروپ، لیک سٹی ہولڈنگز، سٹی سکول گروپ، فاطمہ گروپ اور پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی آئی اے کی ری سٹرکچرنگ کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے ، اخراجات میں کمی، آپریشنل بہتری اور سروس کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے پر زور دیا گیا ۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی آئی اے کو سیاسی مداخلت سے پاک، پیشہ ورانہ بنیادوں پر چلایا جائے گا اور فیصلے خالصتا ً کاروباری اصولوں کے مطابق کیے جائیں گے۔