مری میں برفباری ختم،آزادکشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ ، 15گھر تباہ

 مری میں برفباری ختم،آزادکشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ ، 15گھر تباہ

بڑی تعداد میں سیاح مری پہنچ گئے ، نیلم میں برفباری کا 5 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا گلیات میں بجلی بند، شہری گھروں میں محصور،کئی علاقوں میں آج بھی بارش متوقع

مری،لاہور،اسلام آباد،کوئٹہ (نمائندہ دنیا،دنیا نیوز،خصوصی نیوز رپورٹر،نیوز ایجنسیاں )ملکہ کوہسارمری میں برفباری کا چوتھا سپیل 22گھنٹے جاری رہنے کے بعد ختم ہو گیا، 9 انچ برف ریکارڈ ، سیاحوں کی بڑی تعداد لطف اندوز ہونے پہنچ گئی، آزادکشمیر میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور برفباری کے باعث 15گھر تباہ، 1شہری جاں بحق ہو گیا،کئی علاقوں میں سڑکیں بند ہو گئیں ،لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش بھی ہوئی۔تفصیلات کے مطابق ملکہ کوہسار مری میں  گزشتہ روز برفباری کا چوتھا سپیل رُک گیااور شدید سردی کی لہر نے علاقے کو لپیٹ میں لے لیا ۔ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر کے مطابق مری میں لگ بھگ 20 سے 25 سال بعد ایسی برف باری دیکھی گئی،تمام شاہراہیں سیاحوں کے لیے مکمل بحال کر دی گئی ہیں ۔ادھر گلیات میں چار روز گزرنے کے باوجود بیشتر علاقوں میں بجلی تاحال معطل ہے ، شہری گھروں میں محصور،خوراک اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو چکی ۔

دریں اثناء جہلم ویلی کے بلند مقامات پر شدید برفباری کے باعث درجنوں علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی ، آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں میں مسلسل بارش اور بلند مقامات پر جاری برف باری سے متعدد رابطہ سڑکیں ایک مرتبہ پھر بند ہو گئیں ۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں مسلسل بارش کے باعث کچے مکان کی چھت گرنے سے 9سالہ بچی سرسانگلہ نعمت جاں بحق جبکہ اس کے دو بہن بھائی شدید زخمی ہو گئے ۔ گلگت بلتستان ،پختونخوا میں بھی کئی رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، نیلم میں برفباری کا 5 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ،لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے سردی کی شدت بڑھ گئی ۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں پاک فوج نے برف میں پھنسے مسافروں کو گاڑیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ۔ آج بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک، بالائی خیبرپختونخوا ،کشمیر، گلگت بلتستان میں چند مقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں