دہشتگرد کہیں پناہ لیں گے تو انکے خلاف آپریشن ہو گا:رانا ثنا
سہیل آفریدی دہشتگردوں کو یہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ وہ ان کے ساتھ ہیں ڈاکٹر عمران کو ریفر کریں گے تو ہسپتال منتقل کر دیا جائیگا :دنیا مہر بخاری کیساتھ
لاہور (دنیا نیوز )مشیر وزیر اعظم برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دہشتگردو ں کے خلاف کو ئی ٹالرنس نہیں ، حکومت نے افغانستان سے واضح کہہ دیا ہے کہ یا آپ ان کے ساتھ ہو جائیں یا پاکستان کے ساتھ، ایک ساتھ ایسا نہیں چلے گا ۔دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اگر دہشتگرد کہیں پناہ لیں گے تو ان کے خلاف آپریشن ہو گا ، وادی تیرا ہ بہت بڑی انڈسٹری ہے جہاں 12 ہزار ایکڑ پر بھنگ کی کاشت کی گئی، فی ایکڑ 35 لاکھ روپے یہاں سے کماتے ہیں ، یہ دہشتگرد ہیں جو پیسہ کماتے ہیں ، اس کاروبار کے بینیفشری یہاں موجود ہیں ، کے پی کے حکومت ساری صورتحال سے واقف ہے ، انہوں نے باقاعدہ ان کے لیے بندو بست کیا ہوا ہے ، لیکن وہ صرف بیانیہ بنا رہے ہیں ، وفاق نے کسی کو نہیں کہا یہاں سے نکل جائیں ، انہیں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں کے ساتھ یا خود لڑیں،نہیں تو آپریشن میں فورسز کا ساتھ دیں ۔
انہوں نے کہا یہ پورے ملک کی پالیسی ہے ، خواہ لاہور میں ہو یا کہیں اور دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہو گا،وہاں کے لوگ پہلے بھی یہاں سے نقل مکانی کرتے رہتے ہیں ، ابھی برفباری کی وجہ سے آپریشن میں مشکل ہو رہی ہے ، مقامی لوگوں نے اکثر دہشتگردوں کو خود وہاں سے نکال دیا ہے ، وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی دہشتگردوں کو یہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ وہ ان کے ساتھ ہیں ، آپریشن میں شریک نہیں ، یہ ان کی منافقت ہے ، ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو اگر جیل میں کوئی میڈیکل مسئلہ ہے تو اس کا حل ہونا چاہیے ،ہمیں تو یہ پتہ ہے کہ وہ جیل میں ٹھیک ہیں ، ان کی بہن نے ملاقات کے بعد بتا یا کہ وہ فٹ ہیں ،ڈاکٹر اگر ان کا علاج کر رہے ہیں تو ٹھیک ہے ،اگر کوئی ایشو ہوتا تو وہ بہن کو تو بتا دیتے ، بہن نے باہر آ کر ان کے غصے کا بتا یا اور کہا وہ فٹ ہیں ، ڈاکٹر اگر ریفر کریں گے تو انہیں جیل سے ہسپتال منتقل کر دیا جائے گا ، اڈیالہ جیل میں بھی ایک اچھا ہسپتال موجود ہے ۔